.جوہرٹائون سے اغوا ہونیوالی بچی کی نعش پھولنگر قبرستان سے برآمد
پھولنگر (نامہ نگار) پانچ روز قبل جوہر ٹائون لاہور سے اغوا ہونے والی 14 سالہ لڑکی کی نعش ڈھابانوالہ پھولنگر قبرستان سے مل گئی۔ نعش کی اطلاع ملتے ہی لڑکی کے ورثاء موقع پر پہنچ گئے۔ والدہ پر غشی کے دورے۔ تفصیلات کے مطابق ترڑے بستی اوڈاں کا محنت کش محمد یوسف جوہر ٹائون لاہور میں رہائش پذیر تھا۔ پانچ روز قبل اس کی 14 سالہ بیٹی شازیہ کو نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے تھے جو نہیں مل رہی تھی۔ گزشتہ روز مغویہ شازیہ کی نعش پھولنگر کے قریب ڈھابانوالہ کے قبرستان سے مل گئی۔ کمسن بچی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پھولنگر کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ تھانہ جوہر ٹائون کے سب انسپکٹر محمد اشرف کو اطلاع دیدی جو نعش حاصل کرنے کیلئے تھانہ سٹی پھولنگر پہنچ گئے۔ لڑکی کی والدہ نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ تھانہ جوہر ٹائون کے اے آیس آئی مبارک علی نے درخواست وصول کرتے وقت دھمکی لگائی تھی کہ اگر ان کی بچی اغوا نہ ہوئی تو آپ سب کو حوالات میں بند کردوں گا‘ تاہم تفتیشی اشرف نے ان کے ساتھ بڑا تعاون کیا۔ تھانہ جوہر ٹائون میں بجرم 496A کے تحت مقدمہ نمبر 997/17 درج کیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔