• news

تمام قوتوں کو پیغام ہے بس کریں کھیل تماشا بند کرکے ملک اور جمہوریت کو چلنے دیں:بلاول

لاہور+ اسلام آباد+کراچی (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی +نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کا 50 واں یوم تاسیس لاہور سمیت ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے بلاول ہائوس کراچی میں یوم تاسیس پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھٹو ازم پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پیپلز پارٹی کا ساتھ سدا بہار ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی آج بھی جمہوریت کیلئے جبکہ دیگر جماعتیں صرف اقتدار کیلئے لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے۔ لاہور میں یوم تاسیس کی تقریب میں چودھری اسلم گل نے پرچم کشائی کی جبکہ اس موقع پر نوید چودھری، حاجی عزیزالرحمن چن، میاں مصباح الرحمن، چودھری منور انجم، عابد صدیقی، فیصل میر، ثمینہ گھرکی، افنان بٹ سمیت دیگر رہنما اور کارکن موجود تھے۔کراچی میں آصف زرداری نے پارٹی پرچم لہرا کر پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز اور پارٹی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی سیاسی انجینئرنگ کی ہر کوشش کی مخالفت کرتی رہے گی غیر منتخب افراد اور اداروں کی طرف سے اختیارات غضب کرنے کی مزاحمت کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت پیپلزپارٹی کی وجہ سے ہے، ایٹمی طاقت بننے کی وجہ بھی پیپلزپارٹی ہے۔ جیالے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمریت کی باقیات کو سیاسی منظر سے ہٹادیں گے۔پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اورکارکنوں کی قربانیوں سے آئی، ملک کی دیگر جماعتوں کا کچھ بھی دائو پرنہیں لگا اور جمہوریت میں ہمارا خون شامل ہے اسے ہمیں ہی بچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چند روز میں ملک میں جو کچھ ہوا اس میں ریاست کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے دیکھا، معاملے میں شریک تمام قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں جمہوریت کو چلنے دیں۔ بلاول نے کہا کہ جو لیڈربڑے دعوے کررہے ہیں انہیں تو جمہوریت کی ’جیم‘ تک کا نہیں پتا، وہ لیڈرجو پارلیمنٹ بھی نہیں آتے وہ کیسے جمہوری کہلا سکتے ہیں اور ایسے لیڈرپارلیمنٹ میں نہ آکرعوام اورجمہوریت کو بے توقیر کر رہے ہیں۔ بلاول نے دعویٰ کیا کہ ملک کا کم عمر وزیراعظم بھی پیپلزپارٹی کا ہوگا، موجودہ صورتحال سے کوئی صاف ستھرا نہیں نکلا، چاہتے ہیں حکومت مدت مکمل کرے اور انتخابات وقت پر ہوں۔بلاول نے کہا تمام قوتوں کو پیغام دیتے ہیں قربانیاں دیتے دیتے تھک گئے ہیں۔ مزید قربانیاں دیں گے لیکن ’’اب بس کریں‘‘ کھیل تماشا بند کریں ملک اور جمہوریت کو چلنے دیں بلاول نے دھرنے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ پیپلزپارٹی ملک کو مضبوط کرے گی۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سکھر میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے خطاب میں کہا ہے کہ کارکنوں نے مصیبت کے باوجود پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔ جمہوریت کے ساتھ ظلم ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار کیلئے نہیں، عوام کیلئے پارٹی بنائی۔ مزدوروں اور کسانوں کے حالات بدلنا چاہتے ہیں ذوالفقار علی بھٹو کا وعدہ بلاول پورا کریں گے۔ آج مسلم ممالک میں بھٹو جیسا کوئی لیڈر نہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو نے غریبوں‘ کسانوں اور مزدوروں کو زبان دی۔ عوام کو آواز دینے کے جرم میں بھٹو کو شہید کردیا گیا۔ تیسرے آمر کی حکومت میں 27 دسمبر کو بے نظیر کو ہم سے جدا کردیا گیا۔ بے نظیر نے عوام کی خدمت کی عوام نے انہیں دوبارہ وزیراعظم بنایا۔ بے نظیر نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھایا۔ بھٹو نے بہادر بیٹی سے کہا تھا کہ تم مجھ سے زیادہ کامیاب ہوگی۔ دریں اثناحکومت نے پیپلزپارٹی کو 5 دسمبر کو پریڈ گرائونڈ میں جلسے کی اجازت دیدی این او سی جاری کردیا گیا بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت مخالف قوتوں کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ کھیل تماشا بندکرکے جمہوریت کو چلنے دیا جائے، فیض آباد دھرنے نے ریاست کو گھٹنے ٹیکتے دیکھا جس پر افسوس ہوا۔ دھرنا معاملہ جوڈیشل کمیٹی میں پیش ہوناچاہئے، جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے تو سب کو ’’بھٹو نظریئے‘‘ کو اپنانا ہو گا، حکومت کو مدت پوری کرنے دی جائے اور انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں جبکہ مردم شماری کے نتائج پر فاٹا کے عوام بھی ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد دی جا رہی ہے پیپلز پارٹی کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 دسمبر کو اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں جلسہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن