• news

عید میلاد النبی آج منائی جائیگی :امن کیلئے اسوئہ رسول؅ کی پیروی ضروری ہے :صدر وزیراعظم

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) عید میلاد النبیؐ آج بروزجمعہ 12 ربیع الاوّل ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منائی جائیگی۔ وفاقی اور صوبائی دارلحکومتوں نے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیںگے جس میں شریک ہونے والے عاشقان رسول درود و سلام کا ورد کریں گے۔ ملک بھر میں گھروں، گلی، محلوں اور بازاروں کو برقی قمقموں، سبز پرچموں، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجا دیا گیا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سیرت النبیؐ پر کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائیگا جس میں آپؐ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی جائیگی۔ ہزاروں مقامات پر محافل نعت منعقد ہونگی جن میں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کرینگے۔ بلوچستان میں آج ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کوئٹہ میں آج صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔ این این آئی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے تاجدار مدینہ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کردیا جائے تو دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے مسائل دم توڑ جائیں گے اور معاشرہ جنت کانمونہ بن جائے گا، آج اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کے لئے اسوئہ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا نبی آخر الزمان حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت کے مبارک موقع پر اہل وطن اور تمام مسلمانان عالم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا آج کا مقدس دن ہمارے لئے تذکیروتجدید عہد کادن ہے تاکہ اہل اسلام تعلیمات نبویﷺ سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر اپنے معاشرے ہی نہیں بلکہ اس کرہ ارض کو جنت نظیر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ صدرمملکت نے کہا آپؐ کی آفاقی تعلیمات کاخلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے، کسی بھی حالت میں انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور ٹوٹے ہوئے رشتوں کو پھر سے جوڑ دیا جائے۔ آپؐ کی تعلیمات دکھی انسانیت کے لئے خوشیوں کی نوید ہیں۔ گر تاجدار مدینہ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کردیا جائے تو دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے مسائل دم توڑ جائیں گے اور معاشرہ جنت کانمونہ بن جائے گا۔ یہی سیرت النبیﷺ کاحقیقی پیغام ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا وہ اس پرمسرت اور بابرکت موقع پر مسلمانانِ عالم ، خصوصاً تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ اس دن کی فضلیت،سعادت و برکت سے ہر مسلمان کا دل منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس یومِ مبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال کر دے۔ وزیراعظم نے کہا خاتم النبین آنحضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ساری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12ربیع ا لا ول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کاعظیم ترین دن ہے۔ آج اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوئہ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے کیونکہ ہماری بقاء اور دینی و دینوی کامیابی اسی اسوئہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ میں اس بابرکت موقع پران تمام شہداء ، غازیوں اور مجاہدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت اور اسے فتنوں سے پاک رکھنے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ نبی پاکؐنے اپنے اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں پوری دنیا کو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ نبی آخرالزماںؐ نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا ۔نبی پاکؐ کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے پیغام میں کہا آج کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے کیونکہ آج کے روز رب ذوالجلال نے وجہ کائنات حضرت محمدﷺ کی پیدائش کا دن رکھا ہے۔ آج کے دن سلام ہو اسؐ ذات پر جسے رب اللعالمین نے رحمۃاللعالمینؐ بنا کر بھیجا ہے۔ ق لیگ کیے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی نے یوم عید میلاد النبیؐ پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے 12 ربیع الاول اس بار عزم تحفظ ختم نبوتؐ کے ساتھ منانا چاہئے، عاشقان رسولؐ نے ختم نبوت حلف نامہ میں نقب لگانے کی ن لیگی سازش ناکام بنا کر ثابت کر دیا پاکستانی قوم کیلئے ناموس رسالتؐ سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ کلچرل رپورٹر کے مطابق زندگی کے دوسرے شعبوں کی طرح شوبز کے حلقوں میں بھی عید میلاد النبیؐ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ نامہ نگار کے مطابق لاہور میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کے حوالے سے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر( محمد امین وینس نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا پولیس فلیگ مارچ کا اصل مقصد عوام الناس میںاحساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔ آج 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کے موقع پر شہر میں نکلنے والے جلوسوں کے راستوں پر ایدھی ایمبولینس سروس، ایدھی پیرا میڈیکل سٹاف اور ایدھی رضاکاربھی تعینات کئے گئے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی نے12ربیع الاول عید میلاد النبی کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی پلان تیار کیا ہے۔پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کے کیمروں سے چوبیس گھنٹے 12ربیع الاول کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی این پی کے مطابق سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عید میلاد النبی کے موقع پر عوام سے کہا ہے وہ سوچ و بچار کریں۔ آج ہم اپنے پیارے ینبی حضرت محمدؐ کی ولادت کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا خوشیاں منانے کے ساتھ ہمیں اس بات پر بھی غور و فکر کرنا چاہیے ہم ان کی تعلیمات، برداشت اور ایک دوسرے کو سمجھنے سے کس قدر دور ہو گئے ہیں۔ پیارے نبیؐ نے کبھی بھی اپنے نام پر تشدد کی تبلیغ نہیں کی۔ حال ہی میں ہم نے اپنے پیارے نبیؐ کے نام پر جو تشدد دیکھا اس کے بعد ہمیں اس پر غور و فکر کرنا چاہیے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے نبی پاکؐ کی ولادت نہ صرف تمام انسانوں بلکہ کل کائنات پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام ہے۔ اے پی پی کے مطابق وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا خاتم النبین حضرت محمد مصطفیؐ کا نام نامی اور پیغام مبارک بنی نوع انسان سے محبت کی سدا زندہ رہنے والی علامت ہے۔ عید میلادالنبیؐ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا اللہ کے آخری نبیؐ کے پیغام پر ایمان رکھنے والوں پر لازم ہے وہ ہمدردی‘ اخوت اور خیرسگالی کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ حضور نبی کریمؐ کا اُمتی ہوتے ہوئے آپس میں نفرتیں‘ نفاق اور دوریاں رکھنا آپؐ کی تعلیمات کے منافی ہے۔ریسکیو 1122 آج عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر الرٹ رہے گی۔ 9ہزارریسکیورز پنجاب کے تمام اضلاع میںتین شفٹوں میں فرائض سرانجام دیں گے۔(سٹاف رپورٹر) کے مطابق پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز آفس لاہور کے ساتھ ملک بھر میں دفاتر اور ریلوے سٹیشنوں کو خوبصورت آرائشی لائٹوں اور رنگین برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن