.پاکستان کی آذربائیجان، ترکی کو مشترکہ فوجی انڈسٹریل کمپلیکس قائم کرنے کی پیشکش
باکو (ایجنسیاں) پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پیشکش کی ہے کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکی مشترکہ فوجی انڈسٹریل کمپلیکس قائم کر سکتے ہیں یہ بات انہوں نے باکو میں آذربائیجان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ عماد یاروف نے کہا ہے پاکستان سے ٹرینر ائرکرافٹ خریدنے کیلئے جلد معاہدہ کیا جائے گا جبکہ ترکی کے وزیر خارجہ کامروس اوگلو نے بھی اس موقع پر کہا انکا ملک بھی پاکستان سے ایسے جہاز خریدنے پر غور کر رہا ہے۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان آذربائیجان، ترکی اور جارجیا کے درمیان ریل ٹریک استعمال کر سکتا ہے۔ پاکستان آذربائیجان اور ترکی کے وزراءخارجہ کا مشترکہ اجلاس گذشتہ روز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شروع ہو گیا ہے جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس کے بعد ترکی اور پاکستان کے وزراءخارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے وزیر خارجہ عماد یاروف نے کہا کہ اجلاس کے دوران ہماری تفصیلی نشست ہوئی ہے اور یہ ہمارے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہے انکا کہنا تھا کہ ہم تینوں نے دو طرفہ تجارت اور دیگر تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے انکا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی معاملات پر ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کریں گے اور دفاعی تعلقات میں بھی اضافہ کریں گے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ ماویلوٹ کیوسوگلو نے کہا کہ رکن ممالک کا اگلا اجلاس 2018میں پاکستان میں ہو گا انکا کہنا تھا کہ رکن ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون ہونا چاہیے ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم آذربائیجان ، پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات میں مذید وسعت چاہتے ہیں اور ہمارے یہ اجلاس اس میں معاون ثابت ہوں گے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکی اور آذربائیجان کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
آذربائیجان