.ناراض ساتھیوں سے رابطہ کیا جائے تحفظات جلد دور کرینگے:نواز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے گزشتہ روز سارا دن اپنی رہائش گاہ جاتی امرا رائے ونڈ میں گزارا۔ ان سے ملاقات کیلئے آنے والوں میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی و دیگر شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف نے اپنے رفقا سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب کے دورے کے شیڈول سمیت ناراض مسلم لیگیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ان رہنمائوں کو ہدایت کی وہ ناراض ساتھیوں سے رابطہ کریں اور انکے شکوے شکایات سن کر رپورٹ پیش کریں تاکہ صورتحال کی اصلاح کی جاسکے۔ دریں اثنا میاں نواز شریف اگلے ہفتے اپنی اہلیہ کی عیادت کے لئے لندن جائیں گے اور وہاں بیگم کلثوم نواز، حسین نواز اور حسن نواز کے ہمراہ ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ اس بات کا امکان ہے مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) محمد صفدر بھی ان کے ہمراہ لندن جائیں گے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا رائے ونڈ میں (آج) جمعہ کو محفل میلاد مصطفیٰؐ منعقد ہو گی جس میں شریف فیملی کے بزرگ، خواتین، مرد اور بچے شرکت کریں گے۔ صباح نیوز کے مطابق نواز شریف نے ناراض پارٹی رہنماوں کو منانے کیلئے پلان تشکیل دیدیا ۔ انہوں نے ناراض کارکنوں کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما دسمبر کے وسط میں اپنے مشن کا آغاز کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات میں فیض آباد دھرنے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے ناراض پارٹی رہنمائوں کو منانے کیلئے سینئر رہنمائوں کو ذمہ داری سونپ دی ۔ صدر مسلم لیگ (ن) نے خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور پرویز رشید کو ناراض ارکان کی فہرست مرتب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ فہرست مرتب ہونے کے بعد سینئر رہنما ناراض ارکان سے رابطہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے ناراض رہنمائوں کو منانے کیلئے مرکزی رہنما 15 دسمبر کے بعد جنوبی پنجاب کے دورے بھی کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ناراض ارکان مسلم لیگ ن کا حصہ ہیں، ان کے تحفظات جلد دور کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے عید میلادالنبیؐ مسلمانوں کیلئے رحمتوں اور برکتوں کا دن ہے۔ نبی کریمؐ نے رواداری ، محبت، اخوت اور خیرسگالی کا درس دیا۔ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریں، اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر امن بھائی چارے کو فروغ دیں۔ تفرقہ پھیلانے، نفاق پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔