پاک بحریہ کے جہازوں راہ نورد، دہشت کا ایرانی بندرگاہ کا دورہ، پرتپاک استقبال
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس راہ نورد اور پی این ایس دہشت نے حال ہی میں ایران کی بندرگاہ بندر عباس کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچے پر ایران کی حکومت اور ایرانی بحریہ نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا اور اعلیٰ میزبانی کا مظاہرہ کیا۔ دسویں پٹرول کرافٹ سکواڈرن کے کمانڈر، کیپٹن خالد پرویز نے مشن کمانڈر کی حیثیت سے پاک بحریہ ٹاسک گروپ کی کمانڈ کی۔ اس دورے کا مقصد خطے میں امن و سکیورٹی کو فروغ دینا، میری ٹائم اشتراکیت میں اضافہ اور خطے کی دوست بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کے نئے شعبہ جات کوتلاش کرنا تھا۔ پاک بحریہ کے وفد نے باہمی دلچسپی کے امور پر ایران کی بحری و عسکری قیادت سے کئی اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ایران کی بحریہ کے کمانڈر فرسٹ نیول زون، کموڈور حسین آزاد، کمانڈر سرفیس فورس کیپٹن مصطفی تاجدینی، ہارموزگان صوبے کے گورنر فریدون اور ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ کے نمائندے آیت اللہ غلام علی نعیم آبادی سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ پاک بحریہ کے مشن کمانڈر کی طرف سے پی این ایس راہ نورد پر ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر آصف درانی، ایران کے سینئر عسکری و سول حکام اور پولینڈ، جاپان، جرمنی اورچین کے ملٹری اتاشیوں نے شرکت کی۔ ایک سال کے عرصے کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کا یہ دوسرا دورہ ہے جوپاکستان اور ایران کے درمیان پائے جانے والے باہمی احترام ، مشترکہ ثقافت و تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ہے۔
پاک بحریہ دورہ