• news

سانحہ احمد پور کے بعد 4 ماہ میں آئل ٹینکرز الٹنے کے 22 حادثات ہوئے: اوگرا کی رپورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) سانحہ احمد پور شرقیہ کے خلاف دائر درخواست میں اوگرا نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد چار ماہ میں اب تک آئل ٹینکرز الٹنے کے بائیس حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے سماعت کی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ گذشتہ چار ماہ میں آئل ٹینکر الٹنے کے مجموعی طور پر بائیس حادثات رپورٹ ہوئے۔ حادثات میں پاکستان سٹیٹ آئل کے مجموعی طور پر سب سے زیادہ پندرہ حادثات رپورٹ ہوئے۔ اٹک کمپنی کے تین، ہیسکول کمپنی کے دو، ٹوٹل اور شیل کمپنی کا ایک ایک آئل ٹینکر الٹنے کے حادثات رپورٹ ہوئے۔ اوگرا قانون کے تحت آئل کمپنیوں کو حادثات سے بچاﺅ کے اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔آئل کمپنیوں کو پابند بنایا گیا کہ کسی حادثے کی صورت میں 48 گھنٹوں میں اوگرا کو رپورٹ جمع کرائی جائے۔ اوگرا نے کسی ٹینکر کو لائسنس جاری نہیں کیا۔ لائسنس جاری کرنے کا اختیار چیف انسپکٹر محکمہ ایکسپلوسیو کے پاس ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ احمد پور شرقیہ سانحہ کے بعد مزید آئل ٹینکر الٹنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ جس پر عدالت نے محکمہ آتش گیر مادہ،وفاقی وزارت پیڑولیم ،ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور دیگر فریقین کے وکلاءکو آئندہ سماعت پر کئے گئے اقدامات اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کر لی۔
رپورٹ جمع

ای پیپر-دی نیشن