بھارت کے ساتھ درپردہ سفارتکاری جاری، مذاکرات اسکے مفاد میں ہیں: ناصر جنجوعہ
اسلام آباد (اے این این ) مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے بھارت کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو آخر کار مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا، یہی اس کے مفاد میں ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت بنیادی ایشوز پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ مقبوضہ وادی میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف وزری کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ کشمیریوں کی قتل و غارت بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی لیکن پیٹھ نہیں دکھائی۔ ہمیں معلوم ہے ہمارا دشمن، ہمارے ایک اور دشمن کی گود میں بیٹھا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمیں جیتنا ہے، یہ دشمن کو پتہ ہے۔ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔ ہمارے سارے علاقے کلیئر ہیں، دہشتگرد سرحد پار سے آتے ہیں۔ افغان انتظامیہ کی اپنی سرزمین پر رٹ موجود نہیں ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے افغانستان میں امن اور استحکام کی بات کر رہے ہیں۔ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی جنگ میں اصل ضرورت قومی اتحاد اور یکجہتی کی ہے۔ پاکستان اندرونی انتشار اور خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
ناصر جنجوعہ