• news

کشمیری عوام بھارت کی سازشوں سے کبھی مرعوب نہیں ہونگے: سردار مسعود خان

مظفرآباد (آئی این پی )صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے مسلسل قتل عام اور آزاد کشمیر کے سرحدی علاقوں (LOC) پر بلا جواز بھارتی فائرنگ سے معصوم سویلین کی شہادتوں پر غمزدہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مظفرآباد میں ایشیائ، یورپ اور افریقہ سے آئے 23غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل فارن سروس اکیڈمی کے 25ویں جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 70سالوں میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا ہے اور اس نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے، جس کو کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے اور وہ ان ظالم حکمرانوں سے آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سنجیدگی سے نوٹس نہیں لے رہا ۔ صدر نے سفارتکاروں کو یہ بھی بتایا کہ بھارت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کر پریشان کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانیوں اور کشمیریوں کو بدنام کر کے شکار کارڈ کھیل رہا ہے، اور بے گناہ غیر مسلح کشمیریوں کو دہشت گرد قراردے رہا ہے لیکن ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ پر امید ہیں کہ وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ صدر نے شرکاء کو بتایا کہ آزاد کشمیر نے چند برسوں میں بہت ترقی کی ہے اور اس وقت ہم سب سے زیادہ شرح خواندگی ، کم جرائم کی شرح اور صنعتی برابری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبہ جات میں کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (720میگاواٹ) ، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (1124میگاواٹ) مانسہرہ تا میر پور ایکسپریس وے اور سٹیٹ آف آرٹ میر پور صنعتی زون شامل ہیں۔ صدر ریاست نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے انفراسٹرکچر ، توانائی ، زراعت ، مواصلات اور سیاحت کے شعبہ جات پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت اپنی توانائی کو گڈ گورننس ، شفافیت اور احتساب پر صرف کر رہی ہے۔ معیاراور کارکردگی صرف اور صرف میرٹ کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے جو ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ سفارتکاروں نے آزاد کشمیر کے دورہ پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے اس دورہ سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزاد کشمیر حکومت اور اس کی ترقیاتی ترجیحات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن