لبنانی گلوکارہ امل حجازی نے گلوکاری چھوڑ کر نعت خوانی شروع کردی
بیروت (بی بی سی) لبنان کی گلوکارہ امل حجازی نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی مدح میں ایک نعت کے ساتھ اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔حال ہی میں لبنانی گلوکارہ امل حجازی کے گلوکاری سے ریٹائر ہونے اور اسلامی شعار کے مطابق زندگی گزارنے کے فیصلے نے ان کے لاکھوں مداح کو حیران کر دیا تھا۔امل حجازی نے اپنا پہلا ریکارڈ البم 2001 میں جاری کیا تھا اور اس کے ایک سال بعد انھوں نے اپنا دوسرا البم جاری کیا تھا جو کہ بہت مقبول ہواجبکہ نئی صدی کی پہلی دہائی کے اواخر تک وہ عرب دنیا کی اہم ترین سٹارز میں شمار ہونے لگیں۔حجازی کا 2002 میں ریلیز ہونے والا البم ’زمان‘ عربی پاپ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ریکارڈز میں سے ایک تھا۔ ستمبر میں گلوکاری کی مقبول صنف سے ان کے ریٹائر منٹ کے اعلان نے ان کے مداح کو سکتے میں ڈال دیا تھا۔انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا: ’اللہ نے بالآخر میری دعاؤں کو قبولیت بخشی۔‘ اس کے ساتھ انہوں نے حجاب میں اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی‘۔