پی پی قیادت نوازشریف سے مذاکرات نہ کرنے کی پالیسی پر قائم ہے: یوسف رضا
ملتان (نامہ نگار خصوصی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا پیپلز پارٹی کی قیادت نواز شریف سے مذاکرات نہ کرنے کی پالیسی پر قائم ہے کیونکہ وہ اداروں سے ٹکرا¶ اور جمہوریت کو ناکام بنانے کی سیاست کر رہے ہیں جو ملک اور اداروں کے مفاد میں نہیں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر مل کر کوشش کرنی چاہیے۔ پشاور واقعہ افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلادالنبی کے جلوس پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے مسلم لیگ (ن) کے دور میں نکالے گئے تمام بے روزگار افراد کو بلاتفریق دوبارہ بحال کیا اور آج وہ بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور یوتھ پارٹی کا ہراول دستہ ہے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کے ساتھ وفا کی۔ انشاءاللہ ملتان میں بلاول بھٹو کا جلسہ نہ صرف ملتان سمیت جنوبی پنجاب بلکہ ملکی سیاست میں بھی ہلچل مچا دے گا۔
یوسف رضا