• news

شہبازشریف کا حمیدالدین سیالوی سے رابطہ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی ....لاہور میں کینال روڈ پر پاکستان کے سب سے بڑے بیجنگ انڈرپاس کا افتتاح کردیا

لاہور/ اسلام آباد/ ساہیوال/ سرگودھا (خبرنگار + نامہ نگار + خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پیر حمیدالدین سیالوی سے رابطہ کرکے انہیں ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ معاملے کا خود جائزہ لیں گے جس کے لئے مناسب وقت درکار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آئندہ چند دنوں میں آستانہ عالیہ سیال شریف خود جا کر پیر حمیدالدین سیالوی سے ملاقات کریں گے۔ پیر حمیدالدین سیالوی نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے 14 لیگی رہنماﺅں نے رانا ثناءاللہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر حمیدالدین سیالوی کو اپنے استعفے جمع کرا رکھے ہیں۔ پیر سیال شریف کے بھتیجے رکن پنجاب اسمبلی غلام نظام الدین سیالوی نے کہا ہے کہ پیر حمیدالدین سیالوی نے رانا ثناءاللہ کے استعفے کا مطالبہ مو¿خر کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز پیر صاحب سے رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پہلی فرصت میں حاضر ہوکر تحفظات دور کرنے کو تیار ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری کی جانب سے سجادہ نشیں آستانہ¿ عالیہ سیال شریف سے وعدہ کیا گیا تھا کہ 3 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے تک رانا ثناءاللہ سیال شریف آئیں گے لیکن ڈیڈ لائن گزرگئی اور رانا ثناءاللہ سیال شریف نہیں گئے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ شہباز شریف نے لاہور میں کینال روڈ پر پاکستان کے سب سے بڑے بیجنگ انڈرپاس کا افتتاح کردیا۔ 1.3 کلومیٹر طویل انڈر پاس 125 دن کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا۔ انڈر پاس کی اونچائی 5.1 میٹر ہے جس میں سے ہر قسم کی ٹریفک گزر سکتی ہے اور اس انڈرپاس سے روزانہ اڑھائی لاکھ گاڑیاں گزریں گی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹھوکر نیاز بیگ سے لے کر ہربنس پورہ تک کینال روڈ سگنل فری ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ انڈر پاس کے منصوبے پر تقریباً ساڑھے تین ارب روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کی دوستی کی شاندار یادگار ہے اور آج ہمارے درمیان چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ انڈرپاس درحقیقت لاہور اور بیجنگ کے درمیان تعلقات کا ایک پل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور ہم چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا عظیم تحفہ دینے پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے سے جہاں پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا وہاں پورا خطہ اس معاشی منصوبے سے مستفید ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں چھائے ہوئے اندھیروں کو ختم کیا۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے۔ بعض سیاسی عناصر کی رکاوٹوں کے باوجود بجلی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔ ترقی میں رخنہ ڈالنے والے اب شرمندہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور اور ملتان کے بعد لودھراں اور بہاولپور میں بہت جلد سپیڈو بس سروس کا اجرا کیا جارہا ہے اور ان اضلاع میں آئندہ ہفتے سے سپیڈو بس سروس کا آغاز ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ میٹرو بس سروس نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری لانے کے حوالے سے مو¿ثر کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف ہیلی کاپٹر پر جاتی امرا پہنچے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آج پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں مسلم لیگ کی نئی بننے والی CEC (سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی) کے اجلاس پر گفتگو ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، مریم نواز شریف، حمزہ شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر لیگی رہنما شرکت کریں گے۔ دریں اثناءجاتی امرا میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات میں جاوید ہاشمی کو پارٹی میں واپس لینے پر بھی مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق لیگی کارکنوں کے تحفظات پر بھی غور کیا گیا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابقجمعیت علماءپاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سیال شریف کے سجادہ نشین خواجہ حمید الدین سیالوی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگوکی اورختم نبوت کے حوالہ سے ان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن