مضبوط عزم، بلند حوصلے سے معذوری پر قابو پایا جاسکتا ، خصوصی بچوں کیلئے جلد قانون سازی کرینگے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معذور افراد کو جسمانی تکلیف کے علاوہ ذہنی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے‘ مضبوط عزم اور بلند حوصلے سے معذوری پر قابو پایا جاسکتا ہے‘ گزشتہ روز پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا تقریب میں خصوصی بچوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے پروگرام پر بے حد خوشی ہے معذوری کا دکھ صرف معذور افراد یا ان کے اہل خانہ محسوس کرسکتے ہیں۔ ایسے بچے جو اپنے حقوق کے لئے لڑتے ہیں تحسین کے مستحق ہیں۔ معذور افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے میں والدین کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط عزم اور بلند حوصلے سے معذوری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ آئیں آج مل کر عہد کرتے ہیں کہ ہم خصوصی بچوں کے لئے انفرادی یا اجتماعی سطح پر ضرور کچھ کریں گے۔ حکومت نے سکولوں اور بسوں میں خصوصی بچوں کے لئے ریمپ بنایا گیا ہےاور ہم کوشش کررہے ہیں کہ ہر بس میں یہ ریمپ بنایا جائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا میں خصوصی بچوں کے لئے جلد از جلد قانون سازی کے لئے کوشش کروں گی۔ معذور افراد کو جسمانی تکلیف کے علاوہ ذہنی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام میں خصوصی بچوں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب