• news

پشاور:مولانا فضل سبحان اور محمود احمد بنوری کی جے یو آئی س میں شمولیت خوش آئند ہے ،سمیع الحق

پشاور(بیورورپورٹ)جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مولانا فضل سبحان اور مولانا محمود احمد بنوری کی جمعیت علماء اسلام س میں شمولیت ہم سب کیلئے باعث مسرت ہے اور مجھے امید ہے کہ علماء کلمۃ اللہ اور دین کی سربلندی کیلئے اپنی تمام تر توانائی کو بروئے کار لا کر جمعیت علماء اسلام کو منظم کرنے میں فعال کردار ادا کریں گے انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر جامعہ حقانیہ میں لنڈی کوتل کے مولانا محمد محمود احمد بنوری اور مولانا فضل سبحان اور دیگر علماء سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ حالات کی نزاکت اور حساسیت کے پیش نظر جمعیت علماء اسلام کی صفوں کو منظم اورفعال کریں ،اور پاکستان میں دینی قوتوں کے خلاف اسلام دشمن طاقتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیںاس موقع پر دونوں رہنماؤں مولانا سبحان حقانی سابق امیر جمعیت علماء اسلام (ف) ضلع شانگلہ اور مولانا محمود احمد بنوری لنڈی کوتل نے مولانا سمیع الحق کی دینی علمی سیاسی خدمات کو بالخصوص فاٹا کیلئے کی گئی کوششوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (س) میں شمولیت کا اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علماء نے کہاکہ یہ جماعت بے داغ جماعت ہے ہمیشہ نفاذ شریعت کیلئے جدوجہد کی ہے۔ علماء نے کہاکہ فاٹا کے انضمام کے بارہ میں مولانا سمیع الحق کے حق میں قبائلی عوام کے دلوں کی ترجمانی کا حق ادا کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن