فیصل آباد: سود کی قسط نہ دینے پر 6 سالہ بچی کا قاتل خانیوال سے گرفتار
فیصل آباد( نمائندہ خصوصی ) 1600روپے سود کی قسط نہ دینے پر فائرنگ کرکے 6سالہ بچی کو قتل کرنے والا ملزم پولیس نے خانیوال سے گرفتار کر لیا ‘ تفصیلات کے مطابق الٰہی آباد کے وارث مسیح نے 226ر ب ملکھانوالہ کے اجمل عرف مٹھو چیمہ سے 40ہزار روپے ادھار لے رکھے تھے جس کی 16سو روپے ماہوار اقساط دے رہا تھا حسب معمول رقم واپسی نہ کرنے پر دونوں میں جھگڑا ہو گیا جس پر مشتعل مٹھو نامی ملزم نے محنت کش وارث کے گھر کے باہر گیٹ پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر اسکی بیٹی دوسری جماعت کی چھ سالہ طالبہ سیلبیہ عرف مائرہ شدید زخمی ہو گئی تھی‘ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیاتھا‘جہاں وہ سر میں گولی لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئی تھی‘ واقعہ کا وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سخت نوٹس لیا تھا تاہم فیصل آباد پولیس نے گزشتہ روز ملزم اجمل عرف مٹھو چیمہ کو خانیوال سے گرفتار کر لیا ہے ‘ فیصل آباد پولیس ملزم کو خانیوال سے فیصل آباد لے آئی ہے ‘جہاں اس سے تفتیش کی جا رہی ہے ‘ پولیس کے مطابق ملزم کا چالان جلد مکمل کرکے عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔