آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیک کیلئے متبادل راستے موجود ہیں: بھارتی آرمی چیف
نئی دہلی (اے این این ) بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیک کی طرز پرجوابی کارروائی انجام دینے کیلئے فوج کے پاس اور بھی بہت سارے متبادل راستے دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا فوج ایک ہی طرز کے آپریشن کو نہیں دہراتی بلکہ ہر بار کیلئے نئی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔مہارشٹرا کے شہر پونے میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں بھارتی آرمی چیف نے بھارت کی دفاعی حکمت عملی سے متعلق کئی اہم سوالوں کے جواب دئیے۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا فوج 2015ءمیں میانمار اور2016ءمیں آزاد کشمیر کے اندر سرجیکل سٹرائیک کی طرز پر کارروائیاں انجام دینے کی اب بھی صلاحیت رکھتی ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ فوج کے پاس ایسا کرنے کیلئے دیگر کئی متبادل بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہالائن آف کنٹرول کے اس پار کارروائی انجام دینے کے بہت سے طریقے ہیں، ہم ایک ہی طرح سے ایک ہی طرز کے آپریشن نہیں دہراتے کیونکہ وہ چونکا دینے والے نہیں ہوتے۔