بھارت سمیت چند دشمن مسائل کھڑے کررہے ہیں، ہر سازش ناکام ہوگی: وزیر داخلہ
لاہور +بدوملہی ( کامرس رپورٹر +نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کر رہی ہے۔ ملک کی معیشت دن بدن بہتر ہورہی ہے۔ مگر چندملک دشمن عناصر اس کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ سی پیک منصوبہ مکمل ہونے سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی۔بھارت سمیت چند دشمن ممالک ہماری راہ میں مسائل کھڑے کر رہے ہیں اور وہ سی پیک کو سبو تاژکرنے کیلئے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں مگر انکی ہر سازش ناکام ہوگی۔ عقیدۂ ختم نبوت ؐ سب مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، اس سے انکار کرنیوالے مسلمان نہیں ہوسکتے ۔ چندر وز قبل ہم ایک بہت بڑی سازش سے بچ گئے، دشمن کا مقصد مذہب کی بنیاد پر فسادات کرانا تھا۔ اسکو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا جاتا تو ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا ہوسکتے تھے۔ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے خدا کیلئے ملک کو چلنے دیں۔ ہمیں ملکر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بدوملہی کے قریب ایم آر لنک کینال تھلی ملیاں روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد تھلی ملہیاں کے منظور احمد واہلہ کی حویلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ضلع نارووال میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کہا 2008ء کے نارووال اورآج کے نارووال میں زمین آسمان کا فرق ہے، دوسرے اضلاع اب نارووال کی نقل کرتے ہیں۔ ضلع نارووال کے عوام کیلئے 14 ارب روپے سے موٹر وے لنک کا منصوبہ زیر تعمیر ہے جو نارووال سے لاہور اور موٹر وے کے سفر کو تیز ترین کردیگا۔ 71 کلو میٹر کی مختلف سڑکیں ضلع نارووال میں منظور ہو گئی ہیں جن کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوجائیگا۔ تعلیمی ترقی کے بارے میں انہوں نے کہا ضلع نارووال میں 150 سے زائد نئے سکول اور بہت سے کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ یونیورسٹی آف گجرات کو یونیورسٹی آف نارووال بنا دیا جائیگا۔ نارووال میں اب ہر تعلیمی شعبے سے متعلق ادارہ موجود ہے۔ اگلے سال نارووال کو میڈیکل کالج کی سہولت بھی دی جائیگی اور ویٹرنری کالج بھی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا سی پیک سے ملک آئندہ 10، 20 سال میں ترقی یافتہ ملک بننے جا رہا ہے۔ معیشت کے پہیے کا رواں دواں ہونا نیک نیتی اور دن رات لگن سے کام کرنے کا نتیجہ ہے۔ امن وامان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستا ن امن کا گہوارہ بنے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت پوری کریگی اور عام انتخابات 2018ء میں ہونگے اور ملک دشمن عناصر کو بھرپور شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔ تقریب سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے امداد باہمی خواجہ محمد وسیم بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا میاں محمد نواز شریف کو کرسی سے تو اتار دیا گیا ہے لیکن عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ تقریب سے میونسپل کمیٹی نارووال کے چیئرمین پیر سید اظہر الحسن شاہ گیلانی، یونین کونسل بدوملہی کے چیئرمین چودھری امجد فاروق گجراور یونین کونسل گدیاںکے چیئرمین راناحفیظ احمد نے خطاب کرتے ہوئے علاقائی مسائل پر روشی ڈالی۔لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے چینی زرعی کمپنی کی جانب سے دیئے عشائیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اس وقت ایک اہم موڑ پر کھڑا ہوا ہے۔ ہم گزشتہ چار برسوں میں سات ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لے کر آئے اور مزید تین ہزار شامل ہورہی ہے۔ پاکستان چین کے تعاون سے دنیاکی ٹاپ25 معاشی قوتوں میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا 1947سے لیکر 2013تک اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ہوئی۔ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے۔ کئی ملکوں نے اس منصوبے میں شامل ہونے کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔