بھارتی اداکار ششی کپور انتقال کرگئے شدید علیل تھے‘مریم اورنگزیب کا اظہار افسوس
ممبئی+اسلام آباد (نیٹ نیوز+اے پی پی) بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور کپور خاندان کے سینئر ممبر ششی کپور کا 79 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔ ششی کپور کافی عرصہ سے شدید علیل تھے۔ انکے اچانک انتقال کی خبر سے پوری بالی ووڈ انڈسٹری سوگوار ہو گئی ہے۔انکا اصل نام بلبیرراج کپور تھا۔ ششی کپور 18 مارچ 1938ء کو کلکتہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ ششی کپور نے کئی فلمیں بھی بنائی جن میں، جذبہ، کلیگ، جشن اور فاتح سرفہرست ہیں۔ ان میں سے فلم ’’جذبہ‘‘ کو سال 1978ء کی بہترین ہندی فلم کا قومی ایوارڈ ملا تھا۔ اداکار کے طور پر ششی کپور کی مشہور فلموں میں، جب جب پھول کھلے، آ گلے لگ جا، روٹی، کپڑا اور مکان، شرمیلی، دیوار، کبھی کبھی اور سلسلہ شامل ہیں۔ بھارتی حکومت نے ششی کپور کی خدمات کے صلے میں انہیں 2015ء میں بھارتی سینما کے سب سے بڑے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا تھا۔ وہ کپور خاندان کے تیسرے رکن ہیں جنھیں یہ ایوارڈ ملا۔ ان سے پہلے انکے والد پرتھوی راج کپور اور بڑے بھائی راج کپور کو بھی دادا صاحب پھالکے ایوارڈ مل چکا ہے۔دریں اثنا وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے ممتاز بھارتی فنکار ششی کپور کے انتقال پر اظہار افسوس اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ششی کپور کے انتقال سے آج برصغیر ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گیا۔