راہول گاندھی نے کانگریس کی صدارت کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
نئی دہلی (اے ایف پی + نیٹ نیوز) بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پارٹی صدارت کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ امکان ہے کہ 47 سالہ راہول گاندھی صدارت کے انتخاب کے لئے واحد امیدوار ہوں گے کیونکہ کاغذات جمع کرانے کا آج آخری دن ہے اور اتوار تک ان کے علاوہ کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے ہیں۔ کانگریس کی صدارت مسلسل 19 سال سے ان کی والدہ سونیا گاندھی کے پاس ہے۔ سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ پارٹی صدارت کے لئے راہول گاندھی کا نام تجویز کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اگر کسی امیدوار نے راہول گاندھی کے مقابل کاغذات جمع کرائے تو انتخاب کے لئے پولنگ 16 دسمبر کو ہو گی بصورت دیگر وہ بلامقابلہ کانگریس کے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ پیرکو کاغذات نامزدگی جمع کرنے سے قبل راہول گاندھی نے منموہن سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی پارٹی روایات کو آگے لے کر چلیں گے۔