عمران اور جہانگیر ترین کے مقدمات میں عدالت پر اعتماد کرنا چاہئے: خورشید شاہ
اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تو اسے بھولا نہیں کہتے‘ (ن) لیگ میں نواز شریف اور شہباز شریف کے بعد جاوید ہاشمی سینئر رہنما تھے‘ جاوید ہاشمی کو بھگانے میں (ن) لیگ کی ایک شخصیت کا ہاتھ تھا‘ جاوید ہاشمی کو (ن) لیگ میں دوبارہ جگہ بنانے میں وقت لگے گا‘ عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمات سے متعلق عدالت پر اعتماد کرنا چاہئے۔ پیر کو جاوید ہاشمی کی (ن) لیگ میں واپسی پر خورشید شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی کو (ن) لیگ چھوڑتے وقت کہا تھا کہ پارٹی مت چھوڑیں جاوید ہاشمی کو بھگانے میں (ن) لیگ کی ایک شخصیت کا ہاتھ تھا آج کل وہ شخصیت خود پارٹی میں سائیڈ لائن ہوچکی ہے۔ پارٹی میں نواز شریف اور شہباز شریف کے بعد جاوید ہاشمی سینئر رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تو نااہل ہوچکے ہیں عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمات سے متعلق عدالت پر اعتماد کرنا چاہئے۔ یقین ہے کہ عدالت ان مقدمات میں انصاف کرے گی۔ دریں اثناء قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے پیر کو ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور محتسب کے نظام کے ذریعے ملک بھر میں جلد اور بلا تاخیر انصاف کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات سے انہیں آگاہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل کا تدارک وقت کا تقاضا ہے اور مجھے امید ہے اس سلسلے میں محتسب کے نظام کے ذریعے عوام کو مزید سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔