• news

بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لیے ہمارے نوجوان بہترین کارکردگی پر توجہ دیں جہانگیر خان

لاہور( حافظ محمد عمران)سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لیے ہمارے نوجوان کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسائل پر توجہ دینے اور گلے شکوے کرنے کے بجائے اسکواش میں بہترین کارکردگی پر توجہ دیں ۔ نوجوان کامیابی حاصل کریں تو سب چیزیں اسکے ساتھ ملتی ہیں۔ ملک کا نام روشن کرنے کا جذبہ اور اسکے لیے مطلوبہ محنت کی ضرورت ہے۔ آج کا نوجوان اتنی محنت نہیں کرتا۔ عالمی سطح پر کامیابیوں کے لیے جان توڑ محنت، کھیل پر پوری توجہ اور منظم ٹریننگ بہت ضروری ہے۔ ہمارے دور میں وسائل نہیں مسائل ہوتے تھے ہم نے کبھی مشکلات پر غور نہیں کیا بلکہ صرف کھیل پر توجہ دی۔۔فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے محنت اور غذا کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے میں نے ہمیشہ پاکستان کے جھنڈے کو سربلند رکھنے کے جذبے سے سکواش کھیلی ہے اس ملک کی وجہ سے سب کچھ ہوں مجھے کسی چیز کا دکھ نہیں ہے۔جو کرنا چاہتا تھا وہ کیا تمام بڑے اعزازات جیتے پاکستان کے عوام نے بہت زیادہ محبت دی۔ سکواش کورٹ سے الگ ہوئے بیس سال سے زائد عرصہ ہو چکا ہے لیکن آج بھی لوگوں کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی آج بھی لوگوں کو ہماری کامیابیاں یاد ہیں۔ 555 میچ لگاتار جیتنے پر جاپان حکومت کی طرف سے یادگاری ٹکٹ جاری کرنے پر انکا مشکور ہوں یہ میرا نہیں بلکہ پاکستان کا اعزاز ہے۔ ہم سکواش میں دوبارہ عالمی اعزازت جیت سکتے ہیں ٹیلنٹ کی تو کمی نہیں ہے لیکن اس اہم ہدف کے حصول کے لیے پلیئرز کو اپنی معمولات کو بہتر بنانا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن