• news

سی آئی اے سنٹر کی تعمیر، شہریوں کے تحفظات کا علم ہے: ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی این او سی حاصل کئے بغیر پرانی انارکلی کے علاقہ میں سی آئی اے سنٹر کی تعمیر کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو شہریوں کے تحفظات کا علم ہے۔ محکمہ ماحولیات کی اجازت کے بغیر تعمیر شروع کردی گئی اور کسی نے کارروائی کرنا گوارا تک نہ کیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور کے ربانی روڈ پر سی آئی اے سنٹر کو غیر قانونی طور پرتعمیر کیاجا رہا ہے۔ سی آئی اے سنٹر کی تعمیر سے مقامی رہائشیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ہمارے پاس این او سی کے لیے اب درخواست موصول ہوئی ہے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کے این او سی کے بغیر تعمیر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے سماعت کل چھ دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کے ذمہ دار افسر کو رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔
سی آئی اے سنٹر

ای پیپر-دی نیشن