• news

زاہد محمود قاسمی نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کو فتویٰ بازی کیخلاف قانون سازی کیلئے خط لکھ دیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مذہب کی آڑ میں ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے فتویٰ بازی کیخلاف قانون سازی کیلئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کو خط لکھ دیا ، کونسل کے ارکان میں سے چاروں مکاتب فکر پر مشتمل حکومتی نظم کے تحت متحدہ علماءبورڈ قائم کیا جائے جو فرقہ وارانہ لٹریچر کاجائزہ لے۔علماءبورڈ مقتدر جامعات میں قائم دارالافتاءسے رجوع کرکے فقہی آراءکی روشنی میںسفارشات مرتب کرے۔ پیر کو کونسل کے ترجمان حافظ محمد طیب قاسمی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی طرف سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ حکومت کی طرف سے نیاالیکشن ترمیمی بل 2017ءلایا گیا جس میں ختم نبوت سے متعلق شقوں میں بھی ترمیم کی گئی جو کہ سنگین غلطی تھی جس پر کافی شدید رد عمل سامنے آیا ۔ بالآخر دوبارہ ترمیمی بل لاکر ختم نبوت سے متعلق پورا حلف نامہ اور 7Bاور7Cسمیت تمام شقیں ختم نبوت سے متعلق بھی بحال کردی گئی جو قابل اطمینان عمل ہے۔ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت پوری امت کا مشترکہ اثاثہ ہے اس کی چوکیداری اور پہرے داری ہم سب پر فرض ہے۔ پوری امت مسلمہ کا اجتماع ہے کہ آپ کے بعد نبوت کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کردیا گیا آپ خاتم النبیین ہیں۔ عقیدہ توحید پر ایمان لانے کی طرح حضور اکرم کی ختم نبوت پر ایمان لانا بھی ضروری ہے ۔اس مقدس عنوان پر وطن عزیز میں چند گروہ اور کچھ افراد کلمہ گو شخصیات پر کفر اور واجب القتل قرار دینے کے فتوے دے رہے ہیں انہی میں سے کچھ لوگ فتویٰ دیکر واپس لیتے ہیں دوسرا گروہ فتویٰ پر قائم رہتا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ کسی بھی مسلمان پر جس میں کفر کی وجوہ نہ پائی جاتی ہوں اس پر زبردستی کفر یا واجب القتل کا فتویٰ لگانا انتہائی خطرناک ہے ۔
زاہد محمود قاسمی /خط

ای پیپر-دی نیشن