شمالی وزیرستان: فوجی گاڑی پر بم حملہ‘ زیر تربیت 3 اہلکاروں سمیت 6 شہید: ہرنائی‘ 3 این ایل سی ورکر قتل
میرانشاہ + تخت بھائی + کوئٹہ + لاہور (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ + نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں فوجی گاڑی پر بم حملے میں زیرتربیت 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید‘ 8 زخمی ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق میر علی کے علاقے میں موٹرسائیکل کو آئی ای ڈی کے ذریعے اڑا دیا گیا جس کا نشانہ تین افراد کو پاک فوج میں تربیت کیلئے لیکر جانے والی فوجی گاڑی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں تربیت کیلئے جانے والے تین اہلکاروں کے علاوہ دیگر تین افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔ انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ علاوہ ازیں خضدار میں ڈبل روڈ پر چائے کے ہوٹل پر دستی بم کے حملے میں تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تخت بھائی سے نامہ نگار کے مطابق پولیس سٹیشن ساڑو شاہ تخت بھائی سرکل کی حدود میں واقع نہر میں مختلف مقامات سے دوسرے روز بھی مزید ہینڈ گرنیڈ ‘ مارٹر گولے اور آر پی جی سیون برآمد کر لئے گئے۔ پولیس نے سرچ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق چمن میں ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں نے آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ برآمد اسلحے میں بندوقیں‘ راکٹس‘ بارود‘ دھماکہ خیز مواد‘ مختلف قسم کے آلات شامل ہیں۔ جنوبی وزیرستان اور باجوڑ ایجنسی میں راکٹس‘ آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔ اس کے علاوہ مواصلاتی آلات‘ مختلف قسم کا بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ آن لائن کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردیوںکی فائرنگ سے 3 مزدور جاںبحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد مزدوروں کے کیمپ کوآگ بھی لگا دی گئی۔ لیویزذرائع کے مطابق فاکس میں جاں بحق مزدوروں کا تعلق ژوب سے تھا۔جمرود شاہ کس میں سکیورٹی فورسز نے پل کے نیچے نصب بارودی مواد ناکارہ بنا دیا۔ نامعلوم دہشت گردوں نے سڑک کنارے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا۔