اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت سے روکدیا
اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک الیکشن کمشن کارروائی نہ کرے۔ منگل کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو کیس میں مزید کارروائی سے عارضی طور پر روک دیا۔ عدالت نے ڈی جی قانون کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک الیکشن کمیشن کارروائی نہ کرے۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصورنے کہا الیکشن کمشن پی ٹی آئی کو انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔ ڈی جی قانون نے وکیل کی معاونت کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت 15جنوری تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ دوسری بار موخر کر دیا ٗ فیصلہ اب 13 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے رکن سندھ غفور سومروکے بیرون ملک ہونے کے باعث فیصلہ موخر کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما یوسف نے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمشن میں چیلنج کیا تھا سماعت کے بعد الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا یوسف کی جانب سے دائر درخواست تحریک انصاف کے ورکروں کیلئے مثال ہے۔تحریک انصاف پر مافیا نے قبضہ کر لیا ہے۔تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات ضیاالحق کے ریفرنڈم جیسے کرائے گئے۔ اکبر ایس بابر نے کہا عمران خان کو ورکروں کی آواز سننی چاہئے، تین سال ہو گئے ہیں عمران خان فارن فنڈنگ سے چھپ رہے ہیں۔