ہائیکورٹ نے محکمہ پراسیکیوشن میں خواتین کے کوٹہ پر عملدرآمد کی درخواستیں مسترد کر دیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پراسیکیوشن میں خواتین کے مخصوص کوٹہ پر عمل درآمد کیلئے دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔ چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے خواتین کے مخصوص کوٹہ پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد نے محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ گریڈ سترہ کے پبلک پراسیکیوٹرز کے لیے قانون کے مطابق بھرتیاں کی جارہی ہیں۔ بھرتیوں میں پانچ فیصد کوٹہ معذور اور مخصوص افراد کے لیے مختص ہے۔ مخصوص افراد اور خواتین کو دیا جانے والا کوٹہ مقابلے کے امتحان کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں پر لاگو نہیں ہوتا۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس پالیسی کے تحت پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں میں خواتین کا کوٹہ مختص نہیں کیا جاسکتا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بھرتیوں کا عمل طریقہ کار کے مطابق عمل جاری رہنا چاہیے اس میں کوئی غلطی نہیں ہونی چاہئے۔