عمران فاروق کیس‘ الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم
اسلام آباد(نا مہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے بانی رہنما عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ مزید سماعت 20دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ہے ۔ بدھ کو انسداد دہشت گردی عدالت نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔فاضل جج نے سماعت شروع کی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دستاویزات مکمل کرنے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ معزز عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کاروائی ایک بار پھر موخر کردی۔ بعدازاں فاضل جج نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بانی متحدہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ملزم کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔