• news

حکومت بنائیں گے وزیر اعظم بنا تو800 ارب روپے اکٹھے کرکے دکھائوںگا:عمران

بنوں + اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ انشا اللہ مرکزمیں ہماری حکومت ہوگی اوراگر وزیراعظم بن گیا تو 800 ارب روپے قوم کو اکٹھے کرکے دکھاؤں گا۔بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری اْمید نوجوانوں سے ہے ٗپاکستان میں تحقیق کے میدان میں کام نہیں ہورہا، دیگر ممالک نے تعلیم اور انسانوں کی فلاح پر رقم خرچ کی، صرف سنگا پور یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کے پورے بجٹ کے برابر ہے ٗ مرکز میں ہمیں حکومت ملے گی تو تعلیم اور صحت پر رقم خرچ کریں گے۔عمران خان نے کہ اکہ دنیا جومرضی کہہ لے لیکن کام وہ کریں جوآپ کے دل سے آواز آتی ہے، جتنا بڑا مقصد ہوتا ہے اتنی ہی بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انسان ہارتا تب ہے جب وہ ہار مان جاتا ہے، چمپئن وہ ہوتا ہے جو برے وقت سے سیکھتا ہے اورجب آپ مار کھا کر پھر سے کھڑے ہوتے ہیں آپ اور زیادہ طاقتور ہو جاتے ہیں۔ حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا، ملک میں پختون، اْردو بولنے والوں کے نام اور جاگ پنجابی جاگ کے نعرے سے سیاست کی جارہی ہے۔ ہمارے خرچوں اور آمدنی کے درمیان بہت زیادہ فرق ہے، وفاقی حکومت پیسے اکٹھے نہیں کرسکتی جس کی وجہ سے ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے۔ رواں برس خیبرپی کے کو وفاق کی جانب سے 110 ارب روپے ملنے تھے لیکن ہمیں 35 ارب روپے نہیں ملے۔ میں وہ پاکستانی ہوں جسے قوم سب سے زیادہ پیسا دیتی ہے۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ اس سے قبل ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا انہوں نے جو ماڈل ٹائون کی رپورٹ پڑھی ہے اس میں رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف کی طرف اشارہ ہے۔ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹائون کیس سے نہیں نکل سکیں گے۔ عمران خان نے ایک بار پھر قبل از انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات ہماری جمہوریت کے لئے واحد حل ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو یکسر مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم سے انتخابی اتحاد کے بارے میں ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے۔ جاوید ہاشمی سے متعلق عمران خان نے کہا جاوید ہاشمی تحریک انصاف میں غلط آئے تھے،ان کی وہیں جگہ تھی،جب یہ شخص باغی بنا تو الیکشن جیت گیا اور داغی بنا تو الیکشن ہار گیا۔ مزید برآں عمران خان 10 دسمبر کو شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ ہاکی گرائونڈ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن