.ہمارا ہر جلسہ تاریخی ہوگا‘ آئندہ حکومت بنائیں گے: زرداری
اسلام آباد، لاہور، کراچی(نمائندہ خصوصی+خبرنگار+سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پریڈ گرائونڈ اسلام آباد کے تاریخی جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کل کی طرح آج بھی ملک کی بڑی طاقت ہے۔ جیالوں کا جوش و خروش یہ پیغام دے رہا ہے کہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد نے سابق صدر کو تاریخی جلسہ پر مبارکباد دی۔ وفد سے گفتگوکرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر طبقے کی پارٹی ہے پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر نوجوانوں کے لئے ملازمتوں اور روزگار کے مواقع اور وسائل پیدا کرتی ہے پارٹی کی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی یہ نصیحت نہیں بھولی کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہوتی ہے۔ عوام بلاول بھٹو زرداری سے اس لئے والہانہ محبت کرتے ہیں کیونکہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں انہیں ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ شہید کا چہرہ نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا دیکھے گی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر جلسہ تاریخی ہوگا۔ آصف علی زرداری نے سی ڈی اے میں مزدور یونین کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حامی یونین کی کامیابی پر امان اللہ خان اور سید امیر حسین شاہ کاظمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مزدور دوست پارٹی ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بینظیر بھٹو کی شہادت تک ہماری جدوجہد کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے۔ پیپلز پارٹی نے چھوٹوں صوبوں بالخصوص بلوچستان کی تعمیرو ترقی ‘ خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں بلو چستان کے سینئر صوبائی نائب صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز جمالی کی زیر قیادت بلوچستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چنگیز جمالی نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں تنظیمی امور سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ دورے پر آج لاہور پہنچیں گے اور پارٹی کے دیرینہ کارکن مانی پہلوان کے بیٹے کی ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں شادی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔