• news

کارکن تیار رہیں کسی بھی وقت احتجاج کا اعلان کرسکتا ہوں :طاہرالقادری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ کنٹینر تیار ہے، کارکن بھی تیار رہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے تصدیق شدہ کاپی ملی ہے، اصل رپورٹ نہیں، پارٹی سے مشاورت جاری ہے، جلدی میں کوئی قدم اٹھانا نہیں چاہتے، شہدا کیلئے انصاف لینا ہمارا فرض ہے۔ پنجاب حکومت کا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پروپیگنڈا غلط، لغو اور بے بنیاد ہے۔ کمشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عوامی تحریک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے استعفوں کا مطالبہ کردیا۔ حکومت پنجاب سے باقر نجفی رپورٹ لے لی۔ میں نے رپورٹ کا مطالعہ کرلیا ہے۔ وکلاء کررہے ہیں۔ آج وکلاء اور کور کمیٹی کی مشترکہ میٹنگ ہوئی، کسی بھی وقت احتجاج کا اعلان کرسکتے ہیں، کارکن تیار رہیں۔ اصل رپورٹ آنے تک کچھ حتمی نہیں کہا جاسکتا۔ رپورٹ شہبازشریف، رانا ثناء اللہ کو مجرم قرار دینے کیلئے کافی ہے۔ اصل رپورٹ آنے پر تقابلی جائزہ لیا جائیگا۔ شہدا کیلئے انصاف لینا ہمارا فرض ہے۔ آپریشن کے فیصلے کی وزیراعلیٰ کے نمائندے توقیر شاہ نے تائید کی۔ اجلاس کے شرکا کو علم تھا کہ منہاج القرآن کے بیریئر قانونی ہیں۔ قبل ازیں (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کسی ایک پارٹی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ وہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ کا پبلک ہونا خوش آئند ہے۔ شجاعت حسین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جیسا کہ پوری قوم چاہتی ہے اس سانحہ کے مظلومین کو اس دنیا میں بھی انصاف ضرور ملے گااور بیگناہوں کے قتل میں ملوث تمام افراد کو اپنے مقام و مرتبہ سے قطع نظر ضرور سزا ملے گی۔ قبل ازیں سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثر ین عوامی تحریک کے کارکنوں کے ہمراہ جسٹس علی باقر نجفی انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ کے حصول کیلئے سول سیکرٹریٹ کے باہر جمع ہوئے اور مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ سپیشل ہوم سیکرٹری ڈاکٹر شعیب نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کو انکوائری ٹربیونل رپورٹ کی مصدقہ کاپی فراہم کردی جس کے بعد کارکن واپس روانہ ہوگئے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں وزیراعلیٰ اور رانا ثناء ملوث ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں گرفتار کرکے شامل تفتیش کیا جائے۔ وفاقی وزیر دانیال عزیز نے ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ طاہر القادری اگر اب دھرنا دینے کے لئے اسلام آباد آئیں گے تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن