بھارت فوری طور پر افغان سرزمین سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیاں بند کر دے اعزاز چودھری
واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کامیابیاں حاصل کی ہیں ¾ پاکستان امریکہ تعلقات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری اور سینیٹر کوری گارڈنر کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور پاکستان امریکہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان امریکہ شراکت داری مشترکہ سٹریٹجک اور علاقائی مقاصد کے حصول کے لئے بہت اہم ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر کوری گارڈنر نے بھی خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔بعد ازاںپرسٹیجیس کارنیج انڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں جنوبی ایشیاءمیں امن اور استحکام کے بارے میں اہم لیکچر کے دوران خطاب کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری نے کہا پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے طویل مدتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے جو 70 سال پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان شاندار تعلقات سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا پاکستان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر ان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ تعلقات کی وسعت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کی سطح پر روابط کے علاوہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تجارت، تعلیم ، فن اور ثقافت کے شعبوں میں فعال اور گہرے تعلقات موجود ہیں جنہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنا رکھا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک جنوبی ایشیا میں علاقائی امن و استحکام سمیت کئی اہم امور پر ایک دوسرے سے قریبی رابطے میں ہیں جن میں افغانستان میں پائیدار امن کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے دونوں ملکوں کے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی سفیر نے تقریب کے شرکاءکو پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کے بارے میں بھی بتایا جس کے نتیجے میں پاکستان کے قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے ملک بھر سے دہشت گردوں کی باقیات کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد شروع کر رکھا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی کے نتیجے میں ملک میں اندرونی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی اقتصادی تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے کاروباری شعبے کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون سے دونوں ملکوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور خوشحالی آئے گی۔ افغانستان میں بھارت کے کردار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اعزاز چوہدری نے کہا بھارت فوری طور پر افغان سرزمین سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیاں بند کر دے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے افغانستان میں تنازعہ سے فائدہ اٹھانے سے اجتناب کرے۔
اعزاز چودھری