کسی کو گھر بھیجنا ہو تو ووٹ سے بھیجا جائے‘ نعروں سےنہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے لوگوں کا دوسرا گھر ہے پاکستانی بھی چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، چین نے پاکستان کا ہر شعبہ ہائے زندگی میں ساتھ دیا جب دوسرے پیچھے ہٹ رہے تھے چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں نوے فیصد کمی آئی ہے۔ ہم نے قوم بن کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے دہشت گردی نے صرف لوگوں کو ہی نہیں ثقافت کو بھی مارا پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ووٹ نے ہی پاکستان کو آئین دیا ہے پاکستان ووٹ کی طاقت سے ہی آگے جائے گا کسی کو گھر بھیجنا ہے تو ووٹ سے بھیجا جائے نعروں سے نہیں۔ جمہوریت ہر لحاظ سے دور آمریت سے بہتر ہوتی ہے جمہوری دور میں ہمیشہ معاشی اشاریے بہتر ہوئے 2013کے انتخابات میں پہلی مرتبہ جمہوری عمل مکمل ہوا خواتین ووٹر کی رجسٹریشن کے حوالے سے سیمینار سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین جو ملک کی 62سے 65آبادی کا حصہ ہیں اپنی رائے کا استعمال کریں اگر آپ نے ووٹ دینا چھوڑ دیا توجمہوری نظام اور پارلیمینٹ کو تقویت نہ ملی یہ ملک دوبارہ اندھیروں میں گرجائے گا جب کوئی اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کرے تو اسے تنقید کا بھی حق حاصل نہیں ،آپ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں جذباتی نعروں کی بنیاد پر ووٹ مت دیں پاکستان میں جمہوری نظام پر بار بار شب خون مارا گیا ایک بھی وزیر اعظم اپنی معیاد پوری نہیں کر سکا ہمارے ہمسایہ ملک میں ہمیشہ جمہوریت کا تسلسل رہا ووٹ کی طاقت سے ہی جمہوری عمل آگے بڑھا،ووٹ کی طاقت نے پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا روشنی آئی ملک بھر میں 65فیصد علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے انتخابات میں پاکستانی حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں اور کارکردگی کی بنیاد پر کریں اور ملک کے لیے جو بہتر ہے اس کو ہی ووٹ دیں ۔
دریں اثنا وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثقافتی تعلقات دنیا بھر کے ممالک کے مابین عوام سے عوام کے رابطوں کے فروغ کا ذریعہ ہوتے ہیں،ہم امن پسند ملک ہیں ہماری ثقافت اور قومی ورثہ ہی ہماری اصل پہچان ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا ہمیں ہماری ثقافت اور نوجوانوں کی فعالیت کے نام سے جانے ، ہم ثقافت فن اور قومی ورثے سے انتہا پسندی اور دہشت گردی سے لڑ یں گے، چینی پاکستان کو اور پاکستانی چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، چین سے پاکستان کے تعلقات ثقافتی اقدار اور ورثہ پر مشتمل ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں چائنی کلچرل سنٹر کاپاکستان میں چینی سفارتخانہ کے تعاون سے منعقدہ ــ’’ردھم آف لیائو لیائی‘‘ثقافتی میلے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔تقریب میں پاکستان میں چین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر یائو جنگ،پی این سی کے ڈائریکٹر جنرل سید جمال شاہ،چینی سفارتخانہ کے کلچرل قونصلر یو یی اور چائنہ کلچرل سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹرلی شو نے شرکت کی۔انھوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین کی آنے والی نسلوں کا مستقبل جڑا ہوا ہے،اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اپنے ثقافتی ورثے سے بہت دور جا چکی ہے، ہمیں انھیں اپنی ثقافت سے منسلک کرنا ہے تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری تسلسل آگے کی طرف جا رہا ہے ، ہمیں اپنے ووٹ کو بہتر انداز میں استعمال کرنا ہے اور آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ سے حقیقی نمائندے کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کرنا ہیں، پاکستان کو ووٹ کی طاقت نے آزادی دی، ووٹ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،اور اب معاشی طاقت بن رہا ہے ووٹ کی طاقت نے پاکستان کو کو لوڈشیڈنگ سے پاک کیا جو سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن سے ممکن ہوا۔وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت دہشت گردی میں 90فیصد کمی آئی۔انھون نے کہا کہ ہم نے 35سال ایک قوم بن کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ،چین نے اقتصادی راہداری کی صورت میں سب سے بڑی سرمایہ کار ی کی ہے جس کی تکمیل سے دوطرفہ دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔معروف نعت خواں جنید جمشید کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت نے کہا کہ جنید جمشیدنے پاکستانیوںکو اپنے ہر انداز سے متاثر کیا،انہوں نے گیت گائے،قوم کا جذبہ ملی نغموں سے بڑھایا،’’دل دل پاکستان‘‘ ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن گیا،وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم جنید جمشید سمیت تمام شہداء کے لیے دست بادعا ہیں ،پوری قوم انہیںخراج عقیدت پیش کرتی ہے۔