• news

طاہر القادری ڈگڈی بجانے والے لوگ ہیں ، یہاںسیر سپاٹے کیلئے آتے ہیں:حمزہ شہباز

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ طاہر القادری ڈگڈی بجانے والے لوگ ہیں ،یہ کینیڈا میں رہتے ہیں ان کی جائیدادیں وہاں ہیں اور پاکستان صرف سیر سپاٹے کیلئے آتے ہیں ،پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ عام کردی ہے اور اس میں کہیںبھی کسی پرذمہ داری کا تعین نہیں کی گیا ،ہمارا دامن صاف ہے اور عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے ،کسی کولاشوں پر سیاست نہیںکرنے دیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اکبری گیٹ میں پارٹی کی دیرینہ کارکن فرخندہ ملک کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم جانتی ہے طاہر القادری کس کا نام ہے ،یہ وہی شخص ہے جس نے بکرے کے خون کو انسانی خون کہا جس پر عدالت کے ججز نے بھی انہیںجھوٹا کہا ۔میں جب چھوٹا تھا تومیرے دادا طاہر القادری کو من پسند رنگ کی گاڑی لے کر دیتے تھے ۔قوم جانتی ہے طاہر القادری نے اسلام آباد دھرنے میں پاکستان کے آئین اور جمہوری اداروں کے بارے میں کیسی زبان استعمال کی ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون افسوسناک واقعہ ہے اس میں جن لوگوں کی شہادت ہوئی وہ ہمارے اپنے لوگ ہیں ،ہماری مائیں بہنیں شہید ہوئیں اور اس پر ہمیں دل سے افسوس ہے ۔یہ معاملہ عدالت میں ہے ،پنجاب حکومت نے انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ عام کر دی ہے اس میں کہیں بھی کسی پر ذمہ داری کا تعین نہیں کیا گیا ،انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں ،خدا کے فضل و کرم سے ہمار ادامن صاف ہے اور عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت ثابت کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم جمہوریت سے پیار کرنے والے لوگ ہیں ، ایسے لوگوں کو لاشوں پر سیاست نہیں کرنے دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہو پیپلزپارٹی ہو یا تحریک انصاف سب انتخابات کی طرف جائیں اورمزاحمت چھوڑیں ،2018میں بروقت انتخابات ہونے چاہئیں۔ آصف علی زرداری ہماری گاڑی میں بیٹھیں یا نہ بیٹھیںہمیں جمہوریت کی گاڑی میں بیٹھنا ہو گا اور وہ بھی جمہوریت کی گاڑی میں بیٹھیں۔

ای پیپر-دی نیشن