اسلام آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم کی کارروائی‘ اے ٹی ایم سکینڈل کا مرکزی ملزم گرفتار
اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے چوری شدہ کارڈز کے ذریعے اے ٹی ایم سے رقوم نکالنے والے گروہ کے اہم رکن کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضہ سے اے ٹی ایم کارڈز‘ بنک اکاﺅنٹس کا ڈیٹا اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم کارڈ سکینڈل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم چوری شدہ کارڈز کے ذریعے مختلف بنکوں کی اے ٹی ایم مشینوں سے کروڑوں روپے نکلوا چکا تھا۔ ملزم کوآج عدالت میںپیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں اے ٹی ایم سے ایک اور واردات ہو گئی۔ پولیس اہلکار ایک لاکھ روپے سے محروم ہو گیا۔ اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ اے ٹی ایم سے ایک ہزار نکالے‘ تھوڑی دیر بعد مزید ایک لاکھ روپے اُڑ گئے۔ بنک سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ اکاﺅنٹ سے پیسے غائب ہیں۔
اے ٹی ایم/ چوری