چوتھا یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ مقابلہ اعجاز خان کے نام
سپورٹس رپورٹر
پہلوانی کی طرح تن سازی کے کھیل کو مہنگے ترین کھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سالہا سال کی محنت کا صلہ نہیں ملتا پھر بھی کھلاڑی اس کھیل کے ساتھ وابستہ ہیں اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں کھیل کے ذریعے اپنے آپ کو غلط کاموں سے دور رکھنے کا جذبہ موجود ہے۔ اس لئے کہتے ہیں جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ پاکستان جس کے بارے میں ہمیشہ سے ایک بات سنتا آیا ہوں کہ یہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ یہ درست ہے پاکستان کے نوجوان جہاں ملکی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں وہیں پر عالمی سطح کے مقابلوں میں بھی وہ اپنے جوہر دکھا کر اعلیٰ مقام حاصل کررہے ہیں۔ پاکستان کیلئے تین مرتبہ مسٹر ایشیاء کا خطاب حاصل کرنے والے یحییٰ بٹ کی پاکستان باڈی بلڈنگ کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ گزشتہ دنوں یکم سے 3 دسمبر تک لاہور کے ایکسپو سنٹر میں صوفی گروپ آف انڈسٹری کے تعاون سے چوتھے یحییٰ کلاسک مقابلوںکا انعقاد ہوا۔ ہر مرتبہ کی طرح اس بار بھی صوفی گروپ کا خاص تعاون رہا۔ طارق اللہ صوفی اور حمزہ صوفی نے مقابلوں کے انعقاد میں جس طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لیا دیکھ کر ہر کسی کو خوشی ہورہی تھی۔ یہ بات بھی درست ہے جب تک کارپوریٹ سیکٹر کھیلوں کی ترقی کیلئے آگے نہیں آئے گا کھیلوں کی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی۔ صوفی گروپ آف انڈسٹری کے طارق اللہ صوفی کی باڈی بلڈنگ کھیل سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یحییٰ کلاسک کو وہ مسلسل سپانسر کررہے ہیں۔ چوتھے یحییٰ کلاسک کیلئے تن سازوں کو 10 لاکھ روپے کے نقد انعامات کے ساتھ ٹرافی اور سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ پاکستان باڈی بلڈنگ کی تاریخ میں تن سازوں کو پہلی مرتبہ اتنی بڑی انعامی رقم سے نوازا گیا ہے۔ خیبر پی کے کے اعجاز خان نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی جنہیں ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ ۔ دوسری پوزیشن راولپنڈی کے شوکت شہزاد نے جبکہ شہزاد آفریدی تیسرے نمبر پر رہے۔ ماسٹر کلاس میں مسٹر پاکستان و ساوتھ ایشیا اظہر ظفر نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مینز فزیک میں احسن مبین نے پہلی پوزیشن حاصل کی انہیں ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ تین روزہ ایونٹ کو کامیاب بنانے میں جہاں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر یحییٰ بٹ کی اپنی محنت شامل ہے اس کے ساتھ ان کی ٹیم جس میں محمد نعیم اختر‘ رائے حبیب الرحمن بھٹی‘ ڈاکٹر محمد نبیل‘ محمد زبیر‘ محمد اشفاق‘ محمد حلیم و دیگر شامل تھے نے بہترین انتظامات میں سخت محنت کی جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ نتائج کے مطابق چوتھے یحیی کلاسک کا ٹائٹل کے پی کے کے اعجاز خان نے جیت لیا۔ چوتھے یحیٰی کلاسک کے مہمان خصوصی طارق اللہ صوفی کی جانب سے بلوچستان سے مقابلوں میں شرکت کرنے والے تن سازوں کے لئے دس ہزار جبکہ آفیشلز کیلئے بیس ہزار روپے کا خصوصی انعام کا اعلان کیا گیا۔ آخر میں صوفی گروپ کے طارق اللہ صوفی اور یحیی بٹ مسٹر ایشیا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔