• news

توانائی ذیلی کمیٹی کا بنوں کی 5 یوسیز میں گیس منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا نوٹس

اسلام آباد(این این آئی) سینٹ ذیلی کمیٹی توانائی کا اجلاس کنونیئر سینیٹر نثار محمد کی زیر صدارت ہوا۔ کنونیئر سینیٹر نثار محمد نے آئین کے تحت گیس پیداواری علاقوں کے گرد نواح میں پانچ کلومیٹر تک مقامی آبادیوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کرک اور ضلع ہنگو گیس پیدا واری اضلاع میں مقامی آبادیوں کو گیس فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ غیر قانونی گیس کنکشن یا مین گیس لائن سے غیر قانونی طور پر گیس حاصل کرنا جرم ہے لیکن ریاست بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ من پسند اور منظور نظر علاقوں اور افراد کےلئے تو ایس ڈی جیز فنڈز میں سے اربوں روپے کے استعمال کا اختیار کس طرح استعمال کیا جارہا ہے اور گیس پیداواری علاقوں میں مقامی آبادیاں گیس سے محروم ہیں ۔ جمعہ کو سینیٹ ذیلی کمیٹی توانائی کا اجلاس کنونیئر سینیٹر نثار محمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینیٹر باز محمد خان ، ڈی جی گیس ، جی ایم پشاور ، ڈی سی او ہنگو اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ سینیٹر نثار محمد نے کہا کہ سینیٹر باز محمد خان کی کوششوں سے ضلع بنوں کی پانچ یونین کونسلوںکے 9 گاﺅں کو گیس فراہمی منصوبے کی لاگت میں واضح کمی ہونے کے باوجودمعاملہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے اگلے اجلاس میں وزارت خزانہ اور پلاننگ ڈویژن طلب ، اگلے ہفتے ڈی جی گیس کے دفتر میں ذیلی کمیٹی متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور گیس کمپنیوںکے حکام کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ سینیٹر باز محمد خان نے کہا کہ کرک میں دوسرے صوبوں سے آئے کاروباری افراد نے غیر قانونی صنعتی کنکشن حاصل کیے ہوئے ہیں ۔ سخت کارروائی کی جائے جی ایم گیس ثاقب ارباب نے بتایا کہ 150 ایف آئی آرز درج کی گئیں ہیں ۔ دوبارہ کنکشن لگا لیا جاتا ہے ۔موجودہ وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کی حیثیت سے جی ڈی ایس فنڈز کی منظوری دی تھی جس میں سے 2.8 بلین مل گیا ہے ، لیکن کمپنی کو رقم جاری نہیں ہوئی ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہنگو کی یونین کونسلز میں گیس فراہمی کا جاب نمبر جاری ہو چکا ہے ۔ منصوبے کی کل لاگت 509 ملین میں سے 480 ملین صوبائی حکومت اور بقیہ کمپنی خرچ کرے گی ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ کرک میں 82 فیصد ، گرگری میں98 ، مکوڑی99 ، شکردرہ 100 ، ہنگو میں 49 فیصد گیس چوری ہو رہی ہے ۔ ضلع کرک میں ون ونڈو سکیم کے ذریعے ڈپٹی کمشنر دفتر میں میٹر رکھوائے گئے لیکن گیس کنکشن حاصل نہیں کیے گئے۔ سینیٹر باز محمد خان نے ضلع بنوں کی ان دو یونین کونسلز جن میں گیس فراہمی کے منصوبوں کا وفاقی وزیر نے افتتاح کیا ہے اپنی منظور شدہ سکیموں سے نکال کر کام شروع کرنے کی تجویز دی ۔
توانائی کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن