فاٹا کو خیبر پی کے میںضم کرنے کابل کل قومی اسمبلی میں نہ آیا تو سڑکوں پر آئیں گے :عمران
اسلام آباد/ شیخوپورہ (نیوز ایجنسیاں +نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ کو زرداری اور اسکے کرپٹ چیلوں کے چنگل سے چھڑوائے گی۔ نوازشریف کوکٹہرے میں لے آئے اب کرپشن کے امام زرداری کا تعاقب کریں گے۔ مرکزی سینئرنائب صدرعلی زیدی سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ اگلے ہفتے کراچی آرہا ہوں، عوام سے مل کر زرداری ٹولے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حیوانیت کی حد تک لوٹ کھسوٹ ناقابل قبول اورناقابل برداشت ہے۔ تحریک انصاف سندھ کوزرداری اوراسکے کرپٹ چیلوں کے چنگل سے چھڑوائے گی، نواز شریف کو کٹہرے میں لے آئے اب زرداری کی باری ہے، سندھ پرخصوصی نظرہے، تبدیلی لائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے اورپاکستان اور سندھ کے وجود کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کرپشن کے امام کا تعاقب کریں گے۔رہنما تحریک انصاف علی زیدی نے کہا کہ سندھ پیپلز پارٹی کی بدترین انتظامی کارکردگی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔جھبراں سے نامہ نگار کے مطابق سینئر بزرگ رہنما چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا میری امید نوجوانوں سے ہے پاکستان میں تحقیق کے میدان میں کام نہیں ہو رہا دنیا کے دیگر ممالک نے تعلیم اور انسانوں کی فلاح پر رقم خرچ کی پاکستان کے بجٹ کے برابر رکھا ہے۔ مرکز میں ہمیں حکومت ملے گی تو تعلیم اور صحت پر رقم خرچ کریں گے۔ عمران خان نے کہا دنیا جو مرضی کہہ لے مگر کام وہ کریں جو آپکے دل سے آواز آتی ہے جتنا بڑا مقصد ہوتا ہے اتنی ہی بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انسان ہارتا تب ہے جب وہ ہار مان جاتا ہے لیکن چیمپئن وہ ہوتا ہے جو برے وقت سے سیکھتا ہے۔ جب آپ مار کھا کر پھر سے کھڑے ہوتے ہیں تو آپ سب سے زیادہ طاقتور ہو جاتے ہیں حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا۔ہمارے حکمرانوں کے خرچوں اور آمدنی کے درمیان بہت زیادہ فرق ہے وفاقی حکومت پیسے اکھٹے نہیں کر سکتی جس کی وجہ سے ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے۔ انہوں نے کہا ٹیکنو کریٹ حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ جاوید ہاشمی تحریک انصاف میں غلط آئے تھے ان کی جگہ وہی ہے جب یہ شخص باغی بنا تو الیکشن جیت گیا اور داغی بنا تو الیکشن ہار گیا۔ آن لائن کے مطابق عمران خان آئندہ ہفتے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے اہم ملاقات کریں گے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، طاہر القادری کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں، سانحہ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفوں سمیت ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں فاٹا یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا آئندہ دو روز میں فاٹا کو خیبر پی کے میں شامل کرنے کا بل قومی اسمبلی میں پیش نہ ہونے کی صورت میں منگل کو فاٹا اور خیبر پی کے کے عوام کو اسلام آباد آنے کی کال دیدی جائے گی۔ انہوں نے کہا فاٹا سیکرٹریٹ کرپشن کا گڑھ بن گیا ہے اسے تحلیل کیا جائے فاٹا ٹاسک فورس قائم کی جائے پولیٹیکل ایجنٹس کی کروڑوں روپے میں تقرریاں ہوتی ہیں قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشنوں کی آغاز ہی میں مخالفت کر دی تھی برطانیہ آدھی فوج وزیرستان کے قریب لے آیا تھا مگر اسے فتح نہ کر سکا ایک طرف نام نہاد دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں شریک رہے دوسری طرف یہی امریکہ ہمارے علاقوں پر ڈرون حملے کرتا رہا، تعمیرنو فاٹا کے صوبہ خیبر پی کے میں ضم ہونے کے بغیر ممکن نہیں، خلاء کو پورا نہ کیا گیا تو اربوں ڈالر کے اخراجات سے آپریشن کے باوجود دہشتگرد واپس آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کا بل پیش نہ کیا تو سب تیار ہوجائیں پھر سڑکوں پر آئیں گے۔ پوری قومی اسمبلی مان چکی ہے فضل الرحمن اور اچکزئی کی وجہ سے بات نہیں بن رہی۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے کہا ہم نے امریکہ کے کہنے پر قبائلی علاقوں میں فوج بھیجی، قبائلیوں کے خلاف آپریشن بہت بڑا ظلم تھا۔ جب انصاف کا نظام ٹھیک ہوتا ہے تو معاشرے میں جرائم کم ہوتے ہیں، نائن الیون سے پہلے فاٹا پاکستان کا سب سے پرامن علاقہ تھا تاہم ہم نے امریکہ کے کہنے پر وہاں اپنی فوج بھیج دی۔ قبائلی لوگوں نے پاکستان کو اپنا سمجھا لیکن پاکستانی حکمرانوں نے قبائلیوں کو اپنا نہیں سمجھا۔ ہم نے امریکیوں کے کہنے پر اپنی فوج وہاں بھیجی اور جب فوجی آپریشن شروع ہوا تو قبائلی علاقوں پر ڈرون حملے ہوئے جس کے خلاف قبائلی کھڑے ہو گئے اور اس طرح ہم نے اپنی فوج اور اپنے لوگوں کو آپس میں لڑوا دیا، ہم قبائلی علاقے کی 80 سال کی تاریخ پڑھ لیتے تو کبھی یہ غلطی نہ کرتے۔ انہوں نے کہا ہم نے ڈرون حملوں کے خلاف نیٹو سپلائی لائن بند کر دی جس کے بعد کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ قبائلی علاقوں کا انضمام ضروری ہے کیونکہ پولیٹکل ایجنٹ کی نوکری بکتی ہے، یہ لوگ کرپش اور سمگلنگ کرتے ہیں۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں کہا کہ شہبازشریف اورنج لائن منصوبے پر عدالت کی تنقید اور پابندیاں بھول گئے، سپریم کورٹ نے کہا کہ منصوبے میں ماحول، تاریخی مقامات کومحفوظ رکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے کے منصوبے کو فیزیبلٹی سٹڈی کے بغیر کیسے تسلیم کیا گیا؟ شریف خاندان کوماحول اور تاریخ سے متعلق کوئی تشویش نہیں ٗتمام شریف الیکشن مہم کیلئے دکھاوے کے مہنگے منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں ٗان منصوبوں سے بھاری کمیشن لیکر یہ اپنے بیرون ملک اکاؤنٹ بھرسکتے ہیں۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تحریک انصاف شیخوپورہ نے ہاکی سٹیڈیم گرائونڈ میں آ ج عمران خان کے جلسہ عام کیلئے انتظامات مکمل کرلیے ہیںعمران خان دوپہر 2 بجے بذریعہ ہیلی کاپٹر شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم گرائونڈ میں لینڈ کرینگے ۔ ضلع بھر کے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا پارٹی عہدیدار یونین کونسل کے چیئرمین اوربلدیاتی اداروں کے چیئرمین بڑے قافلوں کیساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کے حوالہ سے ٹریفک پولیس کا کوئی پلان سامنے نہیں آیا۔