پانامہ طرز کی جے آئی ٹی بنائی جائے کمزور نہیں جواستعفی مانگیں حکم دے رہے ہیں:طاہر القادری
لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے ماڈل ٹائون میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری استعفیٰ دیں، قاتلوں کو انجام تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا جسٹس باقر نجفی رپورٹ میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو ہٹ جانے کا نہیں کہا تھا۔ رپورٹ عام کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کے شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر مصطفی کمال نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار افراد بے قصور ہوئے تو عدالت سے چھوٹ جائیں گے۔ قبل ازیں لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا پاکستان میں سیاسی بحران پیدا ہو چکا ہے، وزیراعظم نااہل وزیراعظموںکو اپنا وزیراعظم سمجھتے ہیں، ایک شخص کو بچانے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں اور ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز موجود نہیں ۔ مصطفی کمال نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون میں پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ بہت ظلم ہے اور ظلم جہاں ہو وہاں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا نوازشریف اب سیاست نہیں کر سکتے، اعلیٰ عدلیہ نے انہیں نااہل قرار دیا ہے، اداروں کاحکم نہیں مانیں گے توملک نہیں چل سکتا، ایسے حالات میں بیوروکریسی بھی کام چھوڑ دیتی ہے، ملک میں حکومت اور حکومتی ادارے نہیں چل رہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے یہاں آکر خوشی ہوتی ہے، طاہر القادری نے فون پر ملاقات کی دعوت دی تھی۔