عمران گریبان میں جھانکیں نیت نہیں تو عوام زرداری کا احتساب کرینگے نیا عمرانی معاہدہ کرنا ہوگا:شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز جھنگ کے قریب حویلی بہادر شاہ میں 1263میگاواٹ کے پنجاب گیس پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی انتھک محنت اور دن رات کی کاوشوں کے باعث ملک سے ہمیشہ کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ اب لوڈ شیڈنگ کبھی پاکستان لوٹ کر نہیں آئیگی۔ پنجاب حکومت 1263میگاوا ٹ کا ایک اور گیس پاور پلانٹ لگا رہی ہے اوریہ منصوبہ پہلے لگائے گئے منصوبوں سے 10 ارب روپے کم لاگت میں لگایا جارہا ہے۔ 2015ء میں اس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔ جس میں میںنے اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ منصوبے لگانے کی تجویز دی۔ آج حکومت نے یہ تاریخی کارنامہ کردکھایا۔ توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے جس محنت اورعزم کے ساتھ کام کیاگیا ہے اس کی تا ریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بھی شکر گزار ہیں جنہوںنے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہماری بھرپور مدد کی۔ ہمیں چین کے تعاون کو کبھی نہیں بھولنا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا ڈرامائی باتیں کرتا رہتا ہے اورہیجانی کیفیت بھی پیدا کرتا ہے لیکن میڈیا کو عوام کے سامنے حقائق اورسچی باتیں بھی رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے کہتا ہوں کہ اگر میرے منصوبوں میں کرپشن ثابت ہوئی تو مجھے کبھی معاف نہ کرنا۔ میرے تمام ادوار حکومت میں اگر حکومتی سطح پر میرے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے توعوام کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا۔ ایک دھیلے کی کرپشن سامنے آجائے تواگر میں زندہ نہ رہا تو قبر سے میری لاش نکال کر کھمبے پر لٹکا دینا۔ انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں بدترین ڈاکہ زنی ہوئی، منصوبہ 3 سال تک کراچی کی بندرگاہ پر گلتا پڑا رہا۔ آج احتساب کی بڑی بات ہوتی ہے۔ پہلے یہ لوگ اپنے گریبانوں میں جھانکیں اورپھر بات کریں ۔رینٹل پاور پراجیکٹ میں بھی غریب قوم کا پیسہ لوٹا گیا۔زرداری صاحب نے غریب قوم کے 60ملین ڈالر لوٹ کر سوئس بینکوں میں رکھے اورسرے محل خریدا۔کون اس کا حساب لے گا؟ اگر یہ 60ملین ڈالر لوٹے نہ جاتے تو ان پیسوں سے غریب عوام کو تعلیم اورصحت کی سہولیات مل رہی ہوتیں زرداری صاحب سن لیں یہ قوم احتساب کرے گی، اگرعدالت اورنیب نے کچھ نہ کیا تو عوام کی عدالت احتساب ضرور کرے گی۔بابر اعوان کو عدالت عظمٰی نے نندی پور منصوبے میں کرپشن کا ذمہ دار ٹھہرایا،ان سے کون حساب لے گا؟ انہوںنے کہاکہ بابراعوان آج کل ٹی وی پر بیٹھ کر قرآنی آیات پڑھتے ہیں اورکرپشن کے خلاف بھاشن دیتے ہیں۔ انہیں بھی نندی پور کے منصوبے میں ڈاکہ زنی کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی گلا پھاڑ پھاڑ کر کرپشن کیخلاف باتیں کررہے ہیں اوراحتساب کاواویلہ کررہے ہیں لیکن انہیں اپنے دائیں بائیں کھڑے ان لوگوں پر بھی نظر ڈالنی چاہیے جنہوںنے اس غریب قوم کا خون نچوڑا،قرضے معاف کرا کے جہاز خریدے جن میں نیازی صاحب سفر کرتے ہیں ۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اورپھر کرپشن کیخلاف بات کرنی چاہیے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء کائرہ صاحب نے کہا کہ شہبازشریف نے چھ ماہ میں توانائی بحران کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ پورانہیں کرسکے،اس لئے استعفیٰ دیں۔ میں نے واضح کیا کہ میں خوب سے خوب تر پر یقین رکھتا ہوں اورہماری حکومت نے ہی دن رات محنت کر کے ملک سے بجلی کے اندھیرے مٹائے ہیں۔ ہمارا احتساب شوق سے کریں لیکن اپنے گریبانوں میںبھی ضرور جھانکیں۔ اگر بلاامتیاز احتساب نہ ہوا تو خدانخواستہ ایسا خونی انقلاب آسکتا ہے جوہرچیز خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔خدارا ہوش کے ناخن لیں، اگر پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانا ہے تو سیاستدانوں، ججز، جرنیلز، انتظامیہ اورتمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر نیاعمرانی معاہدہ تحریر کرنا ہوگا۔ 21کروڑ عوام کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اگر مجھ میں کوئی خرابی نکلی تو معاف نہ کرنا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز اعلی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے روٹ کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک کی صنعتوں، کھیتوں، سکولوں، ہسپتالوں، دفاتر اور گھروںکو بجلی مل رہی ہے، میں نے اس وقت کے وزیراعظم سے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے موقع پر عوام سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ آپ نے کیا ہے ۔بیوروکریسی نے نہیں اس لئے آپ ہی نے عوام کو جواب دینا ہے ۔نوازشریف نے میری تجویز سے اتفاق کیا اورگیس کی بنیاد پر اپنے وسائل سے یہ منصوبے لگانے کا دانشمندانہ اورجرأتمندانہ فیصلہ کیا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جو اس وقت پٹرولیم کے وزیر تھے ،وفاقی وزیر خواجہ آصف ،وفاقی حکومت ،پنجاب حکومت ،تمام محکموں اوراداروں نے ملکر ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے د ن رات کام کیا۔کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اڑھائی سال پہلے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا وہ اتنی تیزرفتاری سے مکمل ہوںگے۔ سعودی عرب اورترکی بھی ہمارے بہترین اوراچھے دوست ہیں، جنہوںنے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ نبھایا ہے۔ امن اور جنگ میں مالی، سیاسی اورسفارتی تعاون کیا ہے، لیکن چین کی دوستی اورتعاون کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ تعریف کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم نے عوام کی خدمت کیلئے جو کچھ کیا ہے وہ اللہ تعالیٰ اور عوام جانتے ہیں۔ جس رفتار سے منصوبے مکمل ہوئے، ایک دن ضرور گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوں گے۔ چیچو کی ملیاں پراجیکٹ بھی سابق حکمرانوں کی کرپشن کی ایک اورمثال ہے، یہاں 5سو میگاواٹ کا منصوبہ لگانے کیلئے دس سال قبل ایک کمپنی کو اڑھائی ارب روپے ایڈوانس دے دیئے گئے اور آج تک اس منصوبے کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے جین مندر کے قریب میٹرو کے انڈر گراؤنڈ سٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ صبح نماز فجر ادا کرکے بغیر پروٹوکول لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے ٹھوکرنیاز بیگ پہنچے۔