21کمانڈر ز سمیت 313 فراری ہتھیارڈال کر قومی دھارے میں شامل
کوئٹہ(بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ)وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے کہا ہے جو لوگ نام نہاد آزادی کا نعرہ لگا کر نیٹو ٹینکوں پر بیٹھ کر آنے کی بات کر تے تھے وہ آج کمرشل فلائٹ کے ذریعے واپس آرہے ہیں ،چند ٹکوں پر بکنے والے براہمداغ ، حر بیار اور دوسرے لوگ بلوچستان کے معصوم لوگوں کو ایند ھن کے طور پر استعما ل کر رہے ہیں اور خود یورپ ،سوئزرلینڈ میں عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں ، اللہ نذر اور پا کستان کے خلاف بولنے اور حکومت کی رٹ کو چیلنج کر نے والے سن لیں نواب ثناء اللہ زہری اور حکومت پاکستان انہیں کبھی کا میاب نہیں ہونے دیں گے، یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سبزا زار پر پرامن بلوچستان پروگرام کے تحت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے فراریوں میں نقد رقم تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہی ،تقریب میں کا لعدم تنظیموں کے 21کمانڈروں سمیت 313فراری ہتھیارڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوئے جن میں سے 143کا تعلق بی آر اے ،125کا تعلق بی ایل اے اور 17کا تعلق بی ایل ایف سے تھا قومی دھارے میں شامل ہونے والوں میں 2کروڑ97لاکھ کی رقم تقسیم کی گئی ،تقریب میں کمانڈر سدر ن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم با جوہ ،صوبائی وزرا ئ، اراکان اسمبلی سمیت اعلی حکام نے بھی شرکت کی ۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا چند ٹکوں پر بکے اور بھٹکے ہوئے لوگ جن کے باپ داد ا نے بھی یہی کام کیا وہ آزادی کے نام پر صوبے کے معصوم لوگوں کو ورغلاء کر خود سوئزلینڈ ، برطا نیہ میں عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں وہ خود دس دس کروڑ کی فراری گاڑیوں میں پھر تے ہیں انکے بچے آکسفورڈ یونیورسٹیوں میں پڑ ھتے ہیں لیکن ہمارے نو جوانوں کو آزادی کے نام پر ورغلا کر بندوق ہا تھ میں دی اور ایند ھن کی طرح استعمال کر رہے ہیں، آزادی جذبے سے ملتی ہے بند وق سے نہیں ہمارے جذبے پا کستا ن کے ساتھ ہیں ہمارے آبائو اجداد نے فراغ دلی کے ساتھ پا کستا ن سے الحاق کیا تھا اور ہم پا کستان کے ساتھ خوش اور خوشحال ہیں، تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سابق فراری کمانڈروں فضل محمد عرف چائنا اور حبیب شاہ نے کہا وہ 11سال تک دوسروں کی بتائی ہوئی جنگ لڑتے رہے جس میں انہیں کسی بھی صورت سکون میسر نہیں آیا پہلے ہم سرینڈر کر نے سے ڈر رہے تھے لیکن ہم نے دل بڑا کیا اورواپس قومی دھارے میں شامل ہوئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کالعدم تنظیموں کے سابق فراریوںسے تین زبانوں اردو ،بلوچی اور براہوی میں خطاب کیا انہوں نے کہا میں اس لئے تینوں زبانوں میں خطاب کر رہا ہوں تاکہ سب کو سمجھ آسکے اور جو لوگ یہاں موجود نہیں یا پہاڑوں میں ہیں انکو بھی سمجھ آجائے۔پرامن بلوچستان پیکج کے تحت قومی دھارئے میں شامل ہونے والے افراد کی بحالی کے سلسلے میں سبی سکائوٹس ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقادہوا اور قومی دھارے میں شامل ہونے والے 45افراد میںڈیرھ کروڑروپے کی امدادی رقم تقسیم کی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بیان میں کہا ہے کہ محب وطن بلوچ رضاکارانہ طور پر قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں خوشحال بلوچستان کیلئے سول ملٹری قیادت کی کوشش رنگ لا رہی ہیں۔ بھٹکے ہوئے بلوچوں کا واپس آنا بڑی کامیابی ہے