انسانی حقوق کا دن آج منایا جائیگا: آئین میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں: صدر، وزیراعلیٰ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: خواجہ آصف
اسلام آباد (اے پی پی) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پُرعزم ہے اور ریاست کے ہر شہری کی آزادی‘ خودمختاری‘ وقار اورخوداعتمادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنی قومی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقات کے تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق کی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے حکومت قانونی‘ معاشی اور سماجی فریم ورکس پر مو¿ثر طورپر عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت انسانی حقوق‘ جمہوریت اور ترقی کے مقاصد پر مکمل عملدرآمد کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انسانی حقوق کا عالمی دن ہمیں انسانی عظمت کے وقار‘ فروغ‘ حقوق اور ضروریات کے حوالے سے ہمارے عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیرخارجہ نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد انسانی حقوق کی قدرواہمیت کا اجاگر کرنا ہے۔ سماجی انصاف اور امن کی اعلیٰ اقدار کو سربلند رکھنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
انسانی حقوق ڈے پیغامات