• news

کراچی: بچے کو اغوا کرنیوالے اعلیٰ تعلیم یافتہ ٹیوٹر سمیت 2 ملزم مقابلے میں ہلاک

کراچی (خصوصی رپورٹر) گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں بچے کے اغوا میں ملوث 2 ملزم ہلاک ہوگئے۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی(سی پی ایل سی)کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی، جس میں تین روز قبل ڈیفنس سے 3 سالہ بچے آبان کو اغوا کرنیوالے2 اغوا کار ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونیوالے اغواکاروں کی شناخت ظہیر مرزا اور ذکی کے نام سے کرلی گئی۔ ظہیر مرزا اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ڈیفنس میں ٹیوشن پڑھتا تھا۔ اس نے ہی بچے کے اغوا کا منصوبہ بنایا تھا جبکہ اغوا کاروں کے قبضے سے تاوان کی رقم، ایف آئی اے کا جعلی کارڈ اور مغوی بچے کی والدہ کا موبائل فون برآمد ہوا ہے۔ اغوا کاروں نے 3 لاکھ روپے تاوان وصول کر کے بچے کو رہا کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کو ہدایات کی ہے کہ کسی بھی قسم کے اغوا برائے تاوان جیسے واقعات پیش نہیں آنے چاہئیں۔ 6 دسمبر کو 5سالہ آبان کو ڈیفنس فیز 8 سے اغوا کیا گیا جب وہ اسکول سے گھر واپس آرہا تھا بعد میں انہیں 3 لاکھ روپے تاوان ادا کرنے کی صورت میں بازیاب کرایا گیا۔
اغوا کار/ ہلاک

ای پیپر-دی نیشن