بادامی باغ‘ مانگامنڈی‘ قصور: ماں کی ڈانٹ‘ گھریلو تنازعات‘12 سالہ بچے سمیت 3 افراد کی خودکشی
لاہور+ قصو ر(سٹاف رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) تھانہ مانگامنڈی اور تھانہ بادامی باغ کے علاقوں میں 2 نوجوانوں نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر مردہ خانے منتقل کردیں۔ تھانہ مانگامنڈی کے علاقہ میں 36 سالہ عمران جبکہ بادامی باغ کے علاقہ میں 30 سالہ سجاد نے گھریلو تنازعات کی بنا پر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس نے اصل حقائق تک پہنچنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی حقائق معلوم ہو سکیں گے جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 12 سالہ لڑکے نے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بہادرپورہ کے اکرام کے بارہ سالے بیٹے عبدالرحمن کو ماں نے ڈانٹ دیا جس کے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت غیر ہونے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔
خودکشی