;;;حکومت سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد روکے ورنہ میدان میں آسکتے ہیں: مولانا عبدالعزیز
اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) لال مسجد کے سابقہ خطیب مولانا عبدالعزیز نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد وصفحات کاعدالتی فیصلہ کے باوجود نوٹس نہ لینے پر سخت احتجاج کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے آرمی چیف اور قومی سلامتی کے اداروں سے بھی مداخلت کی اپیل کردی۔ جامعہ حفصہ میں ہائیکورٹ میں توہین آمیز مواد کے خلاف درخواست گزار سلمان شاہد ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر عدالتی فیصلے کے باوجود توہین آمیز پیجز چل رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آرمی چیف ، چیف جسٹس، وزیر اعظم اور صدر کی توہین کی جاتی توفوری ایکشن لیا جاتا اورملوث لوگ گرفتار ہو چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا حکومت احتجاج روکنے کیلئے چینلز بند کر سکتی ہے تو توہین آمیز پیجز کی بندش کیلئے ان پلیٹ فارموں کو کیوں بندنہیں کیا جاتا۔ شہریوں کے جذبات مجروح کئے جارہے ہیں ۔ حکومتی غیر سنجیدگی کی وجہ سے مسئلہ بڑھ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر توہین آمیز پیجز چلانے والوں کی پکڑائی کے بعد رہا ئی سے یہ مواد پھیلانے والوںکو شہ ملی۔ سوشل میڈیا کو لگام ڈالی جائے کیونکہ نبیوںؑ، امہات المومنیںؓ اور صحابہؓ کی توہین آمیز مواد کو مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دار لحکومت تسلیم کرنے کے خلاف امریکہ سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات فوراً ختم کیے جائیں۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا حکومت نے کوئی اقدام نہ اٹھایا تو ہم ایک دفعہ پھر میدان عمل میں آ سکتے ہیں۔ پی ٹی اے فیصلہ کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
مولانا عبدالعزیز