شہباز شریف رانا ثنا اور دیگر عہدے چھوڑ دیں احتجاج کا اعلان کسی بھی وقت کرسکتے ہیں :طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ماڈل ٹائون عوامی تحریک سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں مشترکہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور دیگر ذمہ داران عہدے چھوڑیں۔اب نئی جے آئی ٹی بنے ہم اس میں شریک ہوں گے گواہی دیں گے۔ شرافت سے عہدے نہیں چھوڑے تو پھر ہم انکو گلے سے پکڑ کر باہر نکالیں گے۔ عوام کی طاقت سے جمہوری انداز میں ان کو باہر نکالنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ہم احتجاج کا اعلان کسی بھی وقت کر سکتے ہیں۔عوام کے دبائو کے ذریعے قاتلوں کے گریبان پکڑیں گے۔ عوام کی پرامن طاقت سے قاتلوں، لٹیروں کو کک آئوٹ کریں گے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو قاتل ڈیکلیئر کر دیا یہی وجہ ہے یہ ساڑھے تین سال اس رپورٹ کو دبا کر بیٹھے رہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے فیصلہ دے کر آئین اور قانون کو سربلند کیا۔ قاتل برادران اپنے راستے کا سب سے بڑا بیریئر مجھے سمجھتے ہیں۔ 17 جون 2014 ء کا سانحہ بھی میری پاکستان آمد روکنے کیلئے تھا۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ریاستی ادارے پولیس کو پرامن شہریوں کے خلاف بے دردی سے استعمال کیا۔ اب انہیں اس کی سزا بھگتنا ہو گا۔ دنیا کی کوئی طاقت اب انہیں ان کے عبرتناک انجام سے نہیں بچاسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے۔طاہرالقادری نے کہا جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ نے چھپا ہوا سچ بے نقاب کر دیا،وہ حقائق واقعات اور سچائی جس کا سب کو اندازہ تھا اور سب سمجھتے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا حکمران 30مارچ سے پہلے کک آئوٹ ہو جائینگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ظلم، یزیدیت، چنگیزیت کے خلاف آدھی جنگ جیت لی۔ ظلم کے نظام کے خلاف جنگ میں طاہر القادری کے ساتھ کھڑا ہوں۔ حدیبیہ سمیت اہم مقدمات شروع ہو رہے ہیں۔یہ شرافت سے نہیں مانیں گے کھسیانی بلی کھنبا نوچ رہی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر تمام جماعتیں مائنس شہبا ز شریف پر متحد ہیں۔ سارے سیاستدان طاہرالقادری کا ساتھ چھوڑ دیں تب بھی نواز شریف ،شہباز شریف کو اللہ کی پکڑ سے نہیں بچا سکتا۔اللہ کا شکر ہے چودھری نثار بھی بولا میں ضیاء الحق کے جوتے چاٹ کر سیاست میں نہیں آیا۔یہ سوچنا ہوگا چودھری نثار اور یہ سب آخر شیخ رشید کے خلاف ہی کیوں بول رہے ہیں۔ مزید براں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ق لیگ سربراہ چودھری شجاعت حسین اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے ماڈل ٹائون عوامی تحریک سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ق اور مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ ماڈل ٹائون پر بھرپور تعاون کایقین دلایا۔ میڈیا نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ اب شہباز شریف کی باری ہے ۔سپریم کورٹ کی تاریخ میں پہلی بار انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی بتایا گیا ہے کہ کیوں نکالا۔جن مائوں کو مارا گیا ان کے یتیم بچے بھی پوچھ رہے ہیں انکے والدین کو کیوں مارا۔ جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ نے کھل کر بتا دیا کہ شہباز شریف اور پوری پنجاب حکومت سانحہ میں ملوث ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا نجفی رپورٹ پہلا قدم ہے اور ساری سوسائٹی کی ذمہ داری ہے مجرمان کو سزا ملے۔ عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹائون پر 14 دسمبر کو دو بجے وکلا کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کنونشن عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہوگا۔ مزید براںعوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی پراجیکٹس ایگرز اور وائس کے زیراہتمام لیڈیزچلڈرن کمپلیکس لاہور میں منعقدہ 2روزہ کڈز میلاد فیسٹول کے آخری روز دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر گئے ،انکے ہمراہ خواتین رہنما فضہ حسین قادری ،فرح ناز ،عائشہ مبشر،افنان بابر،زینب ارشد،ایمن یوسف و دیگر شریک تھیں۔قومی کرکٹ ہیرو عبد القادر،چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر غلام محی الدین دیوان،جہاں آراء وٹو، وجاہت یوگی ، کورین سماجی رہنماکنگ چل میتھونے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کڈز فیسٹول میں شرکت کی۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ جمشید دستی نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ جمشید دستی (آج) پیر کے روز لاہور میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات بھی کریں گے۔