• news

رکاوٹوں کے باوجود اورنج ٹرین منصوبہ ٹریک پر آگیا پاکستان چین کے دوست دشمن مشترکہ ہیں:شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر وانگ یاجن (Mr. Wang Yajun) کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اور مسلم لیگ (ن) و کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر وانگ یاجن نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی انتھک محنت اور کرشماتی لیڈر شپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قابل فخر قیادت میں سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور ان میں مزید وسعت آرہی ہیں۔ انہوں نے منصوبے کی اجازت ملنے پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ مفاد عامہ کا بہت بڑا منصوبہ ہے جس کیلئے ہمارا تعاون آپ کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے خود بھی اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا دورہ کیا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس منصوبے کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے مکمل کیاجائے تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں پورا تعاون جاری رکھے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے مزید مضبوط کیا اور سی پیک کے باعث پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں توانائی کے منصوبے مکمل کر کے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے۔ پاکستان میں جتنے منصوبے موجودہ حکومت نے مکمل کئے ہیں، 70سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ چین کے صدر شی جن پنگ ایک عالمی مدبر کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے جائیںگے۔ بیلٹ اور روڈ کے شاندار ویژن کے تحت وہ دنیا کے ممالک کو آپس میں ملا رہے ہیں۔ کرپشن کے خلاف چینی صدر کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ سی پیک کے باعث پاکستان تعمیر و ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے۔ پاک چین تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے اورسی پیک کے باعث کچھ عناصر پریشان اور خائف ہیں جبکہ ہمارے دوست سی پیک سے خوش ہیں۔ پاکستان اور چین کے دوست اور دشمن مشترکہ ہیں۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کا پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے بلا جواز رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور اب یہ منصوبہ دوبارہ ٹریک پر آ گیا ہے۔ ہم ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ انتھک محنت سے کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے عام آدمی کو باعزت عالمی معیار کی سفری سہولتیں مہیا کریں۔رکاوٹوں کے باوجود چین کے صدر، ایگزم بینک آف چائنہ اور این ڈی آر سی سے منصوبے کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھا۔ وزیراعلیٰ نے سنگا پور میں ہونے والی اوشنیا پیسفک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 8 طلائی تمغے جیتنے پر پاکستانی پاور لفٹرز سنیہا غفور اور ٹوئنکل سہیل کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ممتاز شاعر مرتضیٰ برلاس کی اہلیہ براڈ کاسٹر فریدہ عباسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن