.شریفوں زرداریوں نے ملک تباہ کیا ان کے آخری دن ہیں :عمران
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نے ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش دی ہے۔ چار سال پہلے شیخوپورہ میں اس سے 10 فیصد بھی لوگ نہیں تھے، جلسے میں اتنے سارے لوگ دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ شیخوپورہ کی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہ دیکر لوگوں کو مشکل میں ڈالا۔ کیا مشکل تھی، سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت کیوں نہیں دی۔ ڈپٹی کمشنر سے پوچھتا ہوں کہ کیا شہبازشریف آپکا باپ لگتا تھا؟ اللہ کو کیا جواب دو گے؟ میرے خلاف مہم چلائی گئی کہ یہودی لابی کا ایجنٹ ہوں، کبھی یہ لوگ مجھ پر طالبان خان کا الزام لگاتے ہیں تو کبھی یہودی لابی کا ایجنٹ کہتے ہیں، ختم نبوت کے معاملے پر لوگ مسلم لیگ (ن) کیخلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ میرے سیاست میں آنے پر ان لوگوں نے میرے خلاف بھرپور مہم چلائی۔ عابد شیر علی نے اپنے آپ کو دین کا پابند ظاہر کرنے کیلئے جلسے میں ہری پگڑی پہنی، نوازشریف غریبوں میں کھانا بانٹنے لگے۔ خواجہ آصف کی بیان بازی کو منافقت کہتے ہیں۔ خواجہ آصف مسلم لیگ (ن) کو لبرل اور پی ٹی آئی کو مذہبی جماعت کا حامی کہتے ہیں۔ حدیبیہ ریفرنس کھلے گا تو پتہ چلے گا سارا ٹبر چور ہے۔ ساری قوم چیئرمین نیب کی طرف دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف کو جب چھٹی ملتی تھی وہ شاپنگ کرنے لندن جاتے تھے، اس مرتبہ میلاد پر نوازشریف خود چاول بانٹ رہے تھے۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں پوری شریف فیملی کا نام ہے۔ سابق چیئرمین نیب ان سے ملا ہوا تھا۔ قمر زمان چودھری قومی مجرم ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو سابق چیئرمین نیب کو نہیں چھوڑیں گے۔ سابق چیئرمین نیب نے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو بچایا۔ ملک سے منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھیجا گیا۔ جب تک اس ملک کا پیسہ باہر جائیگا، قوم کو کوئی مستقبل نہیں۔ پہلے ادوار میں پاکستان کے حکمرانوں کی بیرون ملک عزت ہوتی تھی۔ پاکستان سارے خطے کیلئے مثال بنا ہوا تھا جو ممالک پاکستان سے پیچھے تھے آگے نکل گئے۔ ملائیشیا اور سنگاپور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک سمجھتے تھے۔ وزیراعظم اور اسکی کابینہ کرپٹ ہو تو ملک تباہ ہوجاتا ہے۔ نوازشریف کی ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں کیسے بن گئیں۔ ملائیشیا اور سنگاپور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک سمجھتے تھے۔ ملائیشیا اور سنگاپور کے آگے بڑھنے کی وجہ اچھی لیڈرشپ تھی۔ دبئی کے شیخ پاکستان چھٹیاں منانے آتے تھے، آج پاکستانی دبئی جاتے ہیں۔ ملائیشیا میں مہاتیر نے ادارے مضبوط کئے اور تعلیم پر زور دیا۔ نوازشریف اقتدار میں پیسہ بنانے کیلئے آئے تھے۔ نواز شریف کا خاندان امیر اور عوام غریب ہوگئے۔ خیبر پی کے پولیس کو ٹھیک کیا، پیسہ اکٹھا کرنا ہے تو ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ خیبر بنک نے کبھی منافع نہیں دیا تھا، اب اس کا شیئر اوپر چلا گیا۔ ہر ادارے میں بیٹھا مافیا ملک میں تبدیلی نہیں آنے دے رہا۔ خیبر پی کے میں ٹمبر مافیا نے 10 سال میں 200 ارب کے درخت کاٹے، ایف بی آر بھی ایک مافیا ہے خیبر پی کے میں ہمارا سب سے بڑا مقابلہ ٹمبر مافیا سے ہوا۔ مافیا کو ہرانے کے بعد ایک ارب درخت لگانے میں کامیاب ہوئے۔ نجم سیٹھی کو دھاندلی کرانے پر پی سی بی میں لگایا گیا۔ کرکٹ بورڈ سے مافیا کو نکال کر ٹیم کو بہترین بنائیں گے۔ نیب کو ٹھیک کرنا ہے یہ بڑے بڑے چوروں کو پکڑے گا۔ 300 ارب چوری کرنے والوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت کیوں ملتی ہے؟ شریف خاندان کا وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے۔ ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے 200 اچھے لوگوں کی ضرورت ہے۔ جن کی تلاش ہم نے ابھی سے شروع کردی ہے۔ پی آئی اے اور ریلوے سمیت سب اداروں کو ٹھیک کریں گے۔ انشااللہ ملک کو ٹھیک کرکے دکھائوں گا۔ بیروزگاری کا مسئلہ سرمایہ کاری آنے سے ختم ہوگا۔ شریفوں اور زرداریوں نے لوگوں کو میرٹ پر نہیں آنے دیا، ان لوگوں کے آخری دن ہیں۔ دیکھنا یہ ملک ایک دم سے اٹھے گا۔ شریفوں اور زرداریوں نے ملک کو تباہ کیا۔ بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ پاکستانیوں ہم نے نئے پاکستان میں اقلیتوں کو بھی نئے پاکستان میں شریک کرنا ہے ہم نے اقلیتوں پر کسی قسم کا ظلم نہیں ہونے دینا۔ اسلام زبردستی کا نام نہیں۔ عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل اور اس کے مالک اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پر بھی شدید تنقید کی۔ تحریک انصاف کے شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ شیخوپورہ کے لوگوں نے دل خوش کردیا۔ حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔ نواز شریف جا رہے ہیں، عمران خان آرہے ہیں۔ یہ لوگ اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں۔ انہوں نے 14 آدمی ماڈل ٹائون میں اور 6 راولپنڈی میں شہید کئے۔ انکی ہفتہ کو پوسٹ مارٹم رپورٹ ملی۔ مخالفین کی سیاست کو نیست نابود کردیں گے۔ غریب لوگ اپنے گردے بیچ رہے ہیں۔ حکمران اپنے بچوں کو بانٹنے اور غریبوں کو ڈانٹتے ہیں۔ ہمای بیٹیاں اور بہنیں سڑکوں پر بچے جنم دے رہی ہیں۔ غربت سے تنگ لوگ بچوں سمیت نہروں میں چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ کیا نوازشریف کے خلاف عمران خان کا ساتھ دو گے۔ گھی سیدھی انگلیوں نہ نکلے تو ٹیڑھی انگلیوں سے نکالیں گے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماجہانگیر ترین نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسانوں کا معاشی قتل کرتی ہے۔ ملک کا کسان سڑکوں پر احتجاج کر رہا ہے۔ گنے کے کاشتکاروں کو انکا حق دیا جائے۔ہم اقتدار میں آئے تو کسی کو کسانوں کا حق چھیننے اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان میں کسان پریشان ہیں جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تمام ادارے ٹھیک کام کریں گے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کارکنوں کے ہمراہ بند روڈ سے شیخوپورہ جلسہ میں روانگی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں تاریخی جلسے کر رہی ہے جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کٹھ پتلی وزیراعظم ہر کام کے صلح و مشورے کے لئے لندن بھاگتے ہیں۔ موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت ہے اس کا اقتدار میں رہنا ملک اور قوم کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ فوری حل نئے انتخابات ہیں۔ ان کے ہمراہ عندلیب عباس سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔