0امریکہ مکمل سپر پاور کی حیثیت کھو رہا ہے: رابن رافیل
اسلام آباد (آئی این پی) سابق امریکی سینئر سفارتکار رابن رافیل نے کہا ہے کہ امریکہ اب مکمل سپر پاور کی حیثیت کھو رہا ہے، افغانستان کا مسئلہ پاکستان اور امریکہ کے مابین کلیدی مشکلات کا باعث رہا ہے، پاکستان آج امریکہ پر زیادہ انحصار نہیں کررہا ہے، افغان مسئلہ پر پاکستان اور امریکہ مل کر کام کر سکتے ہیں، پاکستان میں سی پیک اور ترقی کے پیمانے میں کافی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ہائوس کے تحت پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ سابق امریکی سینئر سفارتکار رابن رافیل نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک، امریکہ تعلقات خطے اور عالمی سطح پر بدلتے حالات پر منحصر ہیں، روس، ایران اور دیگر ممالک کا بڑھتا اثرورسوخ بھی اہم ہے، امریکی انتظامیہ نے سات ماہ میں جنوبی ایشیا پر حکمت عملی تشکیل دی، امریکہ کو پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جامع اور مزید وسعت دینی چاہیے، انہوں نے کہا کہ پاک، امریکہ تذویراتی اشتراک کو آگے بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، پاکستان سے امریکی فوجیوں کیلئے سپلائی لائن امریکہ کیلئے اہم ہے، پاکستان میں جمہوری استحکام خوش آئند ہے۔