اسمبلی ایجنڈا سے فاٹا اصلاحات بل واپس لے کر قبائلی عوام سے نفرت کا اظہار کیا گیا، بلاول لاہور پہنچ گئے
لاہور/کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسمبلی ایجنڈا سے فاٹا اصلاحات بل واپس لے کر قبائلی عوام سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔ پیپلزپارٹی نے فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔ فاٹا عوام سے عہد کرتے ہیں قبائلی علاقوں کو خیبر پی کے میں ضم کریں گے۔ آصف زرداری نے اگست 2011ء میں ایف سی آر میں ترمیم کی تھی۔ آصف زرداری نے انگریزی کا کالا قانون ختم کرکے فاٹا میں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ نافذ کیا۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ 3روز قیام کریں گے۔ لاہور کے قیام کے دوران پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور جنوبی پنجاب کو پیپلزپارٹی کا گڑھ بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے، بلاول بھٹو زرداری 15 دسمبر کے جلسے کیلئے لاہور سے ملتان جائیں گے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کیلئے ایک مرتبہ ملتوی کی گئی مزدور کانفرنس کے دوسری مرتبہ انعقاد پر بھی بلاول بھٹو نے شرکت نہیں کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خاص طور پر ذکر کیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اس کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن لاہور میں مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے۔ شرکاء کی عدم دلچسپی سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی مایوس ہوئے۔