• news

جواب نہ دینے پر سیکرٹری سیفران کو 3 روز کیلئے معطل کررنے کی رولنگ وزیر اعظم کیلئے ٹیسٹ کیس ہے :سپیکر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سپیکر سردار ایاز صادق نے وزارت سیفران کے سیکرٹری کو تین دن کیلئے معطل کرنے کی رولنگ دی۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے سیکرٹری وزارت سیفران کو تین دن کیلئے معطل کرنے، خط وزیراعظم کو لکھنے کا اعلان ایوان میں کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ وزیراعظم کیلئے بھی ٹیسٹ کیس ہوگا۔ انہوں نے وفاقی وزیر سیفران کی طرف سے معذرت سدا قبول نہیں کی۔ گزشتہ روز وقفہ سوالات کے دوران وزارت سیفران کے بارے پوچھے گئے سوال کے حوالے سے جب باری آئی تو سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں وزارت سیفران کی طرف سے خط ملا ہے جس میں سوال کو التوا میں رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے وزارت سیفران کے خط کو افسوسناک قرار دیا اور اُس کے مندرجات پڑھ کر سنائے۔ سیکرٹری وزارت سیفران نے خط میں لکھا تھا کہ وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے وزیر سیفران کو سوال کے بارے میں بریف نہیں کرسکے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ وہ آج ہی وزیراعظم کو خط لکھیں گے کہ سیکرٹری سیفران کو فوری 3دن کے لئے معطل کردیا جائے۔ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سیکرٹری نئے ہیں۔ معذرت کرتے ہیںآئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ تاہم سپیکر نے اُن کی بات قبول نہیں کی اور ہائوس سے رائے لینے کے بعد سیکرٹری کی معطلی کے بارے میں خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ دریں اثنا قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری تجارت شیزا فاطمہ نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان سے 350 ملین ڈالرکا فروٹ برآمد ہوتا ہے۔ سبزیوں کی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے ٹی ڈیپ مختلف ممالک میں نمائشیں منعقد کراتا ہے۔ اب تک 20 وفود بیرون ملک بھیجے گئے۔ بیچ کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لئے ملٹی پل کمپنی کام کر رہی ہے۔ ای کامرس کے پالیسی فریم ورک کے تحت ایڈائزری کونسل اور بورڈ کام کر رہا ہے۔ 5ورکنگ گروپ میں جلد ہی ای کامرس پالیسی بروئے کار لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہارٹی کلچر کمپنی کے بارے میں شکایت ہے تو اس کی تحقیقات کرائی جا سکتی ہے۔ ملک سے آم کی برآمد ویلیو کے حساب سے بڑھی ہے تاہم مقدار کم ہوئی ہے۔ اس کی وجہ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی پابندی ہے۔ ترکی کے ساتھ ایف ٹی اے کے لئے دسمبر میں جائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس انقرہ میں ہو گا۔ اب تک بات چیت کے 7 رائونڈ ہوئے ہیں۔ ترکی سے سیاسی تعلقات اچھے ہیں تاہم تجارتی امور میں ترکی یورپی یونین کی پالیسی پر عمل کرتا ہے۔ جی ایس پی پلس کے حوالے سے یورپی یونین کے ساتھ آئندہ ریویو میںلیدر کی برآمدات پر اچھی پیشرفت کا امکان ہے۔ ماہ رواں میں وزارت خارجہ کا ایک وفد برسلز جائے گا جو یورپی یونین کو انسانی حقوق پر عملدرآمد کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کرے گا۔ وزیر مملکت کھیل ڈاکٹر دانش نے ایوان کو بتایا کہ ہاکی میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد کھیل میں بہتری آئی ہے۔ ملک بھر میں یہ ضلع کی سطح پر آسٹروٹرف بچھا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ مردم شماری میں غیر ملکیوں کو ان کی قومیت کے اعتبا ر سے شمار کیا گیا ہے۔ اس امر کا حلقہ بندیوں پر کتنا اثر ہو گا اس بارے میں دریافت کرنا پڑے گا۔ کراچی میں بڑی تعداد میں افغان مہاجرین ہیں جبکہ ان کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد ملک بھر میں افغان مہاجرین کی درست تعداد معلوم ہو سکے گی۔ کراچی میں افغان مہاجرین کی رجسٹرڈ تعداد 60 ہزار ہے تاہم حقیقی تعداد اس سے زیادہ ہے۔ حکومت نے ایک ملین افغانوں کو وطن واپس بھی بھیجا ہے۔ افغان حکومت بھی واپسی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن